ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی اور پروکیورمینٹ کمیٹی بنائی جارہی ہے،وسیم اختر

کونسل ممبران کے تجویز کردہ ترقیاتی کاموں کو فوقیت دی جائے ،یوسی چیئرمین اپنے علاقے کی ضروریات اور ترجیحات سے آگاہ کریں ،میئر کراچی کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 22 جولائی 2017 20:10

ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ کونسل ممبران کے تجویز کردہ ترقیاتی کاموں کو فوقیت دی جائے ، رواں مالی سال کے دوران ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی اور پروکیورمینٹ کمیٹی بنائی جارہی ہے، یوسی چیئرمین اپنے علاقے کی ضروریات اور ترجیحات سے آگاہ کریں تاکہ ان کاموں کو پہلے انجام دیا جائے، یہ بات انہوں نے یونین کونسلوں میں ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن محمود، میئرکراچی کے مشیر فرحت خان، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنکل سروسز شہاب انور، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایس ایم شکیب، ڈائریکٹر یونین کونسل ایس ایم طحہٰ اور دیگر افسران موجود تھے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام یونین کونسلوں میں یکساں طور پر ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد شروع کیا جائے تاکہ شہر کے تمام علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع ملیں اور شہریوں کے مسائل حل ہوں، یونین کونسلوں میں اے ڈی پی کے تحت انجام پانے والے کاموں کیلئے جلد از جلد پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تاکہ ان کاموں کو فوری شروع کیا جاسکے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو بروقت اور عمدہ معیار کے ساتھ مکمل کرنا ہماری ترجیح ہے اور اسی لئے ان کاموں کی نگرانی کے لئے کونسل کے منتخب اراکین پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ منصوبوں کے لئے ٹینڈر کے عمل اور دیگر متعلقہ امور شفاف طریقے سے انجام دینے کیلئے سرکاری افسران پر مشتمل پروکیورمینٹ کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے انہو ںنے کہا کہ ٹینڈر کے عمل کی مانیٹرنگ کمیٹی بھی نگرانی کرے گی اس طرح ترقیاتی کاموں کے حوالے سے شکوک شبہات کا خاتمہ ہوگا اور تمام کام متعلقہ یوسی انتظامیہ اور سرکاری افسران کے باہمی تعاون سے انجام کو پہنچیں گے، انہوں نے کہا کہ یونین کونسلیں اپنی حدود میں شہریوں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہیں اس بات کا بھی اندازہ ہے کہ وہ کون سے کام ہیں جنہیں فوری انجام دینے سے شہریوں کے مسائل میں خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے لہٰذا وہ اپنی ترجیحات اور ضروریات سے آگاہ کرتے ہوئے اس حقیقت کو پیش نظر رکھیں انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہر میں ترقی اور خوشحالی کیلئے یونین کونسلیں بنیادی اکائی کا درجہ رکھتی ہیں جن کی ترقی پر ضلع کی ترقی کا انحصار ہوتا ہے اس لئے ہم نے یونین کونسلوں کو خواہ وہ شہر کے کسی بھی علاقے میں واقع ہوں یکساں بنیاد پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقیاتی کاموں کیلئے بنائی جانے والی مانیٹرنگ اور پروکیورمینٹ کمیٹی کے اراکین اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور خلوص دل کے ساتھ نبھائیں گے اور اس کے نتیجے میں کراچی میں شروع ہونے والا ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری و ساری رہے گا اور اس سے شہریوں کو روز مرہ زندگی میںفوائد حاصل ہونگی

متعلقہ عنوان :