چکوال شہر میں صفائی کا فقدان ،گندگی کے ڈھیر لگ گئے

ہفتہ 22 جولائی 2017 19:44

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) چکوال شہر میں صفائی کا فقدان ہے،شہر اس وقت گندگی کے ڈپو میں تبدیل ہوچکا ہے، اندرون شہر چکوال کی گلیوں میں ہر طرف گندگی کے ڈھیر لگے ہیں ۔ دارالعلوم حنفیہ چکوال شہر کے دل کے اندر واقعہ سب سے خوبصورت مسجد ہے ،اس کے عقب میں گورنمنٹ ایلیمنٹری مڈل سکول ہے اور وہاں پر گندگی کا ڈھیر ہے۔

اندرون شہر چکوال میں جس طرف چلے جائیں ایسے گندگی کے ڈھیر ہر جگہ پر نمایاں نظر آئیں گے۔

(جاری ہے)

بلدیہ چکوال میں مختلف منتخب نمائندوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔ بلدیہ چکوال نے گزشتہ روز39کروڑ روپے کا بجٹ بھی منظور کر لیا ہے، اہل چکوال اپنے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے عرض بستہ ہیں کہ آخر ان کا جرم کیا ہے اور وہ کس گناہ کی سزا بھگت رہے ہیں۔ شہر کو صاف ستھرا رکھنا بلدیہ چکوال کی پہلی ذمہ داری ہے۔ اہل چکوال شہر نے بلدیہ کے ارباب اختیار اور دیگر ذمہ داروں سے استدعا کی ہے کہ وہ اس موجودہ صورتحال کو بہتر بنائیں جو کسی طور پر بھی اب قابل قبول نہیں۔