Live Updates

پی ٹی آئی کا عمران خان کی قیاد ت میں کرپشن کے خلاف جہاد فیصلہ کن موڑ میں داخل ہوچکا ہے،پرویز خٹک

تمام چوروں اور لٹیروںکا بے رحمانہ احتساب وقت کی ضرورت ہے، مخالفین اکیلے ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے اس لیے اتحاد بنا رہے ہیں،وزیر اعلی خیبرپختون خوا کا اجتماع سے خطاب

ہفتہ 22 جولائی 2017 19:37

پی ٹی آئی کا عمران خان کی قیاد ت میں کرپشن کے خلاف جہاد فیصلہ کن موڑ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا عمران خان کی قیاد ت میں کرپشن کے خلاف جہاد فیصلہ کن موڑ میں داخل ہوچکا ہے تمام چوروں اور لٹیروںکا بے رحمانہ احتساب وقت کی ضرورت ہے کئی دہائیوں سے اس ملک پر کرپٹ حکمرانوں نے حکومت کی اور باریاں تقسیم کی ،اس ملک کو ایماندار لیڈ ر کی ضرورت ہے جو عمران خان کی صورت میں موجود ہے نظام کی تبدیلی کی بدولت استاد، پٹواری اور پولیس پر سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے۔

تحریک انصاف کی مقبولیت سے مخالفین بوکھلاہٹ کاشکار ہیں۔ 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی سولو فلائٹ کرے گی۔ ہمارے مخالفین اکیلے ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے اس لیے اتحاد بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مگر اس کے باوجود شکست ان کا مقدر ہے۔ عوام اس ملک پر مزید کرپٹ حکمرانوں کو حکومت کا حصہ بنے نہیں دیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کوصوبے کے عوام نے استحصالی نظام سے چھٹکارا پانے اور مثبت تبدیلی لانے کیلئے ووٹ دیا تھا کیونکہ جب نظام انصاف پر مبنی نہ ہو تو عوام کے مسائل کا فرسودہ سسٹم میں حل ممکن نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے نوشہرہ میں دو الگ الگ مقامات یونین کونسل کے علاقے بہرا م کلے اور زیارت کاکاصاحب محلہ پیر سچ میں عوامی اجتماع سے اپنے خطاب میں کیا۔اس موقع پرصوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کا کا خیل ،ضلع ناظم لیاقت خان خٹک، ضلعی ممبرزرتاج خان آفریدی ،حیات علی اعوان اور زیارت کاکاصاحب میں میاں سرتاج کاکا خیل ،حاجی اکرم شاہ اور احدخٹک نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پرپی ٹی آئی کے ورکرز اور علاقہ کے عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

اس موقع پر یوسی گنڈھیری کے علاقے بہرام کلے میں مومین خان ، ایوب خان، مظفر خان، عبدالستار بابا، عبدالدیان، غنی بابا، سید محمد، متین بابا، فتح بابا، فقیر حسین، گل ولی ، عالمزیب، غریب گل،سد اللہ، محمد خان ، نجیب اللہ نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت اے این پی اور پی پی پی سے مستعفی ہوکرپی ٹی آئی میں باضابطہ طور پر شمولیت کا اعلان کیا۔

جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ اقتدار میں آتے ہی ہم نے تمام شعبوں کو عوامی خدمت کے تابع اور شفاف بنانے کیلئے ایسی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے جس کی وجہ سے صحت، تعلیم،پولیس و پٹوار سسٹم اور انسانی زندگی سے وابستہ دیگر شعبوں میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ ہم نے تمام اداروں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا کیونکہ ہماری حکومت سے پہلے اُستاد پر بھی سیاست کی جاتی تھی یہی وجہ ہے کہ سکولوں کا برا حال تھا اور کسی نے اس کے حل کیلئے نہیں سوچا۔

ہم نے سکولوں میں میرٹ پر بھرتیاں کرکے اساتذہ کی کمی پوری کی اور تعلیمی اداروں کو درکار ضروریات بھی پوری کررہے ہیں جبکہ پورے صوبے کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی 95 فیصد موجودگی کو یقینی بنایا اور عوام کو مفت علاج معالجے کیلئے صحت سہولت کارڈ کا انقلابی منصوبہ شروع کیا ۔ یہ سہولت اس سال 24 لاکھ افراد تک بڑھائی جائے گی جس سے صوبے کی 70 فیصد آبادی مستفید ہو سکے گی ۔

تحریک انصاف ظلم کے نظام کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے کیونکہ جہاں پر ظلم وجبر کا نظام چل رہا ہو تو وہاں ترقی کرنا ممکن نہیں لہٰذا پورے ملک کے عوام اب پی ٹی آئی کا ساتھ دے رہے ہیں اور 2018 کے انتخابات میں ہمارا مقابلہ کوئی نہیں کر سکتا۔ جلسوں سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہاکہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا وژن ہے کہ عوام کا پیسہ عوام ہی پر خرچ ہو اور غریب کے ساتھ ظلم وجبر کے خلاف کھڑا ہونا، لہٰذا اسی وژن کو حقیقت میں بدلنے پر ہماری حکومت کار فرماں ہے۔

الحمد الله2013 سے پہلے کی پولیس اور آج کی پولیس فور س میں زمین و آسمان کا فرق ہے کیونکہ ہم نے ان کو مکمل آزاد کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے کہاکہ اگر کہیں پر بھی رشوت وغیرہ کی کوئی شکایت ملے تو وہ فوراًDPO یاIGپولیس کو اطلاع دیں اس پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔ صوبے میں توانائی کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارا صوبہ تقریباً3500 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہا ہے جبکہ اس کی اپنی ضرورت2500 میگاواٹ ہے تاہم واپڈا یہاں پر توجہ نہیں دیتا۔

انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت صوبے میں گرڈ سٹیشنز اور بجلی کا نظام بہتر کرے انہوںنے کہاکہ وہ اس ضمن میں وفاق کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے اپنے توانائی کے منصوبوں پر کام شروع کیا ہے اور تقریباً4000 میگاواٹ بجلی خود پیدا کریں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان تیزی سے ترقی کرکے ایک ترقی یافتہ ملک بن سکتا ہے تاہم اس کے لئے ایماندار لیڈرکی ضرورت ہے ۔

انہوںنے کہاکہ صوبے میں بیروزگاری کے خاتمے کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے ہم نے انڈسٹرلائزیشن کیلئے پرکشش ترغیبات آفر کی ہیں جبکہ معاشی ترقی کیلئے صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے چین کے ساتھ بھی بڑے منصوبوں کے معاہدات کئے ہیں جو کھربوں روپے کا پروگرام ہے۔ انہوںنے کہاکہ چین کے ساتھ ہونے والے معاہدوں میں بغیر کسی خرچے کے صوبے کو 10 فیصد منافع ملے گا جبکہ فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کے ساتھ بھی ایک اہم معاہد ہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں دو نئے شہر بنانا اور ایک سمینٹ پلانٹ کی تنصیب وغیرہ شامل ہیں اس سے بھی حکومت کو خاطر خواہ منافع آئے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ معاشرے کی فلاح کی خاطر ہماری حکومت نے کثیر تعداد میں قوانین پاس کئے ہیں ہم نے سودی کاروبار کے خاتمے، تعلیمی اداروں میں ناظرہ قرآن اور ترجمے کو لازمی قرار دینے کے قوانین پاس کئے ہیں جبکہ جہیز کے خلاف بھی اسمبلی سے قانون پاس کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وسل بلور اور رائٹ ٹو پبلک سروسز ایکٹ جیسے مفید قوانین بھی ہماری حکومت نے پاس کئے۔

وزیراعلیٰ نے نوشہرہ میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کہاکہ 15 ارب روپے کی لاگت سے دریائے کابل پر حفاظتی بند نوشہر ہ میں بن رہے ہیں۔ ضلع میں بڑا میڈیکل کمپلیکس بنایا گیا ہے ۔ میڈیکل کالج میں کلاسوں کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ اس کیلئے 3 ارب روپے کی لاگت سے نئی بلڈنگ بن رہی ہے، ٹیکنکل یونیورسٹی میں بھی تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ 400 کنال اراضی پر محیط رقبے پر ایئر یونیورسٹی کے قیام کیلئے بھی پاکستان ایئر فورس سے معاہدہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ نوشہرہ میں یوسی گنڈھیری کے 14 دیہات کیلئے گیس کی منظوری ہو چکی ہے اور مہینے میں اس کے لئے پائپ لگنا شروع ہو جائیں گے ۔انہوںنے کہاکہ خویشگی بالا اور پائیں، میرہ ، احمد نگر سمیت بیشتر علاقوں کیلئے گیس کی منظوری حاصل کی گئی ہے ۔ خویشگی میں گرلز کالج پر کام شروع ہے جبکہ مذکورہ علاقہ ہی میں کابل ریورپر رابطہ پل بھی بنایا گیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ گنڈھیری میں نکاس آب کیلئے اعرابوں کے بنانے پر خاص نظر ہے اور فنڈز کی موجودگی کی صور ت میں اس پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گنڈھیری یونین کونسل میں گلی کوچوں کی پختگی کیلئے تقریباً12 کرو ڑ روپے کا ٹینڈر عنقریب ہونے والا ہے جس سے گلیوں کے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ وزیراعلیٰ نے زیارت کاکا صاحب میں بھی گلی کوچوں کی پختگی ، آبنوشی سکیموں کی تکمیل اور سولر آئزیشن ، رابطہ سڑکوں کی تکمیل اور دیگر مطالبات کے حل کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ انہوںنے گنڈھیری میں پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات