ایس آئی یو ٹی میں طلباء کی فلاحی رضا کارانہ پروگرام کی تقریب اسناد کا انعقاد

ہفتہ 22 جولائی 2017 19:37

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں طلباء کی فلاحی رضا کارانہ پروگرام کی تقریب اسناد منعقد کی گئی۔ پروگرام میں 300 طلباء کو معاشرے میں بے لوث خدمت، مریضوں کی دیکھ بھال سے متعلق ضروری امور اور اچھی صحت کے بنیادی اصول بتائے گئے۔ ہفتہ کے روز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایس آئی یو ٹی پروفیسر ادیب رضوی نے کہا کہ فلاحی رضاکارانہ پروگرام کے تحت طلباء کو دکھی انسانیت کے مسائل کو سمجھنے اور خدمت کا موقع ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلباء رضا کاروں کو مریضوں کے علاج و معالجہ کی بنیادی خدمات کے اصولوں اور شعبہ جات سے روشناس کرایا جاتا ہے اور گزشتہ 10 سالوں سے ایس آئی یو ٹی میں طلباء کے لئے فلاحی رضا کارانہ پروگرام کا نہایت کامیابی اور باقاعدگی سے انعقاد کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ایس آئی یو ٹی میں سال میں دو مرتبہ منعقد کیا جاتا ہے اور اب تک کراچی کے مختلف ہائی اسکولوں اور کالجز کے چھ ہزار سے زائد طلباء کامیابی سے تیس گھنٹہ دورانیہ پر مشتمل تربیت حاصل کر چکے ہیں جس میں طلباء کو خدمت خلق، بنیادی طبی خدمات اور فرسٹ ایڈ میں تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ریڈیالوجی، کلینکل لیبارٹری، نیفرالوجی، یورولوجی، ڈائلیسس، ٹرانسپلانٹیشن، لیتھوٹرپسی، کینسر، گیسٹرو انٹرولوجی و دیگر میڈیکل، سرجیکل سے متعلق شعبہ جات کے بارے میں بھی آگاہی دی جاتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر تربیت حاصل کر نے والے طالبعلموں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں طلباء کے والدین اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔