Live Updates

لوٹ مار اوردھرنوں سے معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کی سیاست کا الیکشن 18ء میں دھڑن تختہ ہوگا، وزیراعظم محمد نوازشریف نے ملک کو صحیح راستے پر ڈالا ہے، بے بنیاد الزام لگانے والے ملک کو ترقی کی پٹری سے اتارنا چاہتے ہیں، مخالفین ہماری بے مثال کامیابیوں سے خوفزدہ ہیں،انہیں ڈر ہے کہ توانائی بحران کے خاتمے سے ان کی سیاست ختم ہو جائے گی

مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بے بنیاد الزامات کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں، اربوں روپے کے قرضے معاف کرا کے اشرافیہ کہلانے والوں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

ہفتہ 22 جولائی 2017 19:25

لوٹ مار اوردھرنوں سے معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کی سیاست کا الیکشن ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر روز نیاسیاسی تماشا لگاکرعوام کی قسمت کھوٹی کرنے والے ہوش کے ناخن لیں ، ماضی میں بھی کبھی دھرنوں ،کبھی لاک ڈاؤن ،کبھی سول نا فرمانی اورکبھی احتجاجی مظاہروں کے ذریعے ترقی کے عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی لیکن باشعور عوام نے احتجاجی سیاست سے لا تعلق رہ کر ان عناصر کے منفی عزائم کو ناکام بنایا اور عام انتخابات سے لے کرضمنی اوربلدیاتی انتخابات میںبھی عوام نے جھوٹ کی سیاست کے علمبرداروں کو مسترد کیا لیکن افسوس کی بات ہے کہ پے درپے شکست سے بھی نیازی صاحب نے کوئی سبق نہ سیکھا۔

ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیخلاف سازش کرنے کے حوالے سے نیازی صاحب کا نام تاریخ میںسیاہ حروف سے لکھا جائے گا اورجب بھی ملک کی ترقی کے خلاف سازشوں کا ذکر ہوا تو سب سے پہلے ان کا نام آئے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں تیزی سے ترقی کرتا ہوا پاکستان مخالفین کو کھٹک رہا ہے اوران عناصر کے روز روز کے تماشوں سے عوام بیزار ہوچکے ہیں لہٰذا اب سیاسی تماشوں کے شوقین سیاستدان عوام کی تقدیر سے کھیلنا بند کردیں اور پاکستان کو آگے بڑھنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے سیاسی بازی گر بھی دھرنا گروپ کے ہمنوا بن گئے ہیں ۔ نیازی صاحب اپنے دائیں بائیں دیکھیں تو انہیں قرضے معاف کرانے اور قبضہ مافیا والے ہی نظر آئیں گے۔نندی پور پاور پراجیکٹ میں مجرمانہ تاخیرکرکے لوٹ مار کا ذمہ دار بھی اب احتساب پارٹی میں پناہ لے چکا ہے۔ایک جماعت نے کرپشن کے ذریعے ملک کو اندھیرے دیئے تو دوسری نے احتجاج کے ذریعے توانائی منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی منتخب قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ کرنے والوں کا واحد مقصد قوم کی ترقی کا راستہ ر وکنا ہے۔عوام کی ترقی کے مخالفین جان لیں کہ ان کی منفی سیاست کاہر حربہ ناکام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی بچے کے والد نے ملک میں لوٹ مار کا ایسا بازار گرم رکھاتھا جس کی ملک کی 70سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ سابق کرپٹ حکمرانوں کی کرپشن کا ہر روزایک نئے سکینڈل کا تحفہ غریب قوم کو ملتا تھا ۔

اس بچے کو پہلے اپنے والد کی لوٹ مار پر نظر ڈال لینی چاہیے اور یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ ان کی پارٹی کے دور اقتدار میں ہی قوم کو اندھیروں اوربے روزگاری کے عذاب دیئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر اربوں روپے کے قرضے معاف کرا کے اشرافیہ کہلانے والوں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا کیونکہ قرضے معاف کرانا اورقومی وسائل کو لوٹنا قومی جرم ہے اور قوم کی دولت لوٹنے کے جرم میں جو بھی شریک ہے، اس کا بلاتفریق احتساب ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بے بنیاد الزامات کا حقیقت سے دور دور تک کا واسطہ نہیں۔ جھوٹ کی داستانیں جھوٹ کے ماہر سیاستدانوں نے از خود گھڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین مسلم لیگ ن کی حکومت کے 4سالہ بے مثال کامیابیوں سے خوفزدہ ہیں اورانہیں ڈر ہے کہ توانائی بحران کے خاتمے سے ان کی سیاست کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لوٹ مار اوردھرنوں کے ذریعے قومی معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کی سیاست کا 2018ء کے انتخابات میں پھر دھڑن تختہ ہوگا ۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو صحیح راستے پر ڈالا ہے جبکہ بے بنیاد الزام لگانے والے ملک کو ترقی کی پٹری سے اتارنا چاہتے ہیں۔ قوم ایسے بازی گر سیاستدانوں کے مکرو فرویب میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت عوام کی خدمت کے منشور پر عمل پیرا رہے گی ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی پرویز ملک، اسدالرحمن، خالد جاوید وڑائچ اور ایم پی اے محمود قادر خان شامل تھے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات