پنجاب حکومت ،قطر کے تعاون سے ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ کو ممکن بنائے گی ‘ رانا مشہود احمد

پرائیویٹ سکولز کو جشن آزادی کی تقریبات یادگار بنانے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے ‘ وزیرسکولز ایجوکیشن پنجاب

ہفتہ 22 جولائی 2017 18:36

پنجاب حکومت ،قطر کے تعاون سے ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ کو ممکن بنائے گی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2017ء) صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن رانا مشہو د خاں نے کہا ہے کہ ٹیکنیکل تعلیم کا حصول پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہو چکا ہے اور اس کے لئے قطر کے تعاون سے پنجاب حکومت صوبہ بھر میں ٹیکنیکل تعلیم کو فروغ دینے کی خواہاں ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کمیٹی روم میں قطر ایجویشن ڈیپارٹمنٹ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر وزیر صنعت و تجارت شیخ علائوالدین،چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر،سیکرٹری سکول اللہ بخش،نمائندگان لیبر اور پی اینڈ ڈی ایس ڈیپارٹمنٹ موجود تھے۔ میٹنگ میں سکلز ڈیویلپمنٹ کے حوالے سے کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور طے پایا کہ پنجاب حکومت اور قطر کے مابین ٹیکنیکل تعلیم کو فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

قطر سے آئے ہوئے وفد نے تعلیم کے میدان میں پنجاب حکومت کی خدمات کو سراہا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ کے لئے ٹیوٹا، سکولز ایجوکیشن اور پنجاب اینڈ سکلز ڈیویلپمنٹ مشترکہ تجاویز مرتب کر کے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیجیں گے۔ ایک اور میٹنگ میں صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن نے پرائیویٹ سکولز ایسو ایشن کے وفد سے ملاقات کی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پرائیویٹ سکولز کو بھی جشن آزادی کی تقریبات یادگار بنانے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولز ایک ایس او پی تیا ر کریں کہ کیسے صوبہ بھر میں تقریبات منائی جائیں اور گورنمنٹ آف پنجاب کے شانہ بشانہ جشن آزادی منایا جائے۔پرائیویٹ سکولز ایسی ایشن نے صوبائی وزیر کو مکمل یقین دہانی کرائی کہ وہ ان 70سالہ جشن آزادی کی تقریبات کو یادگار بنانے میں اپنا مرکزی کردار نبھائیں گے ۔