کرپشن فری نظام حکومت سے ہی ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کا خوب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے ‘ ذکر اللہ مجاہد

جے آئی یوتھ شہر میں نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور مسائل کے حل میں قلیدی کردار ادا کرے گی ‘ امیر جماعت اسلامی لاہور اگست کو شہر کی 76یونین کونسلوںمیں جے آئی یوتھ لاہور کے انٹراپارٹی الیکشن نئی تاریخ رقم کریگا‘ دیگر کا جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 22 جولائی 2017 18:36

کرپشن فری نظام حکومت سے ہی ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کا خوب شرمندہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کرپشن فری نظام حکومت سے ہی ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کا خوب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں جے آئی یوتھ لاہور شہر سے نوجوان امیدواران اور کارکنان کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک ، سیکرٹری جے آئی یوتھ لاہور طاہر جاوید ، صدور علاقہ جات جے آئی یوتھ لاہور اور ذمہ داران، علی ڈوگر، علی عباس ، عبداللہ اعجاز،قدیر شکیل ، غلام حسین بلوچ ودیگر نے خصوصی شرکت کی جبکہ بڑی تعداد میں شہر کی یونین کونسلوں سے امیداران اور کارکنان نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جے آئی یوتھ لاہور کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور مسائل کے حل میں قلیدی کردار ادا کرے گی ۔

جے آئی یوتھ کے نوجوان اگر اسی جذبے کے تحت محنت اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کوا حسن طریقے سے سرانجام دیتے رہے تو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے میں اہم کردار نوجوانوں کا ہی ہوگا اور تاریخ شاہد ہے کہ کسی بھی بڑے انقلاب میں نوجوانوں کا کردا ر ہمیشہ مرکزی رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں نوجوانوں کے اندر بے روزگاری کی وجہ سے مایوسی پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں نوجوان احساس کمتری کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ اکثر منشیات اور جرائم کی طرف مائل ہو رہیں اس سنگین صورتحال میں جے آئی یوتھ لاہورکے نوجوانوں کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ عام نوجوانوں کوبے راہ روی کا راستہ اپنانے کی بجائے کھیلوں ، حلال رزق کی تلاش اور ملک میں مثبت تبدیلی کے حوالے سے دین کے راستے پر چلنے کا موقع مل سکے ۔

اس موقع پر جے آئی یوتھ لاہور کے صدرشاہد نوید ملک نے کہا کہ جے آئی یوتھ کے نوجوان حق کی جدوجہد کیلئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں میدان میں نکل کھڑے ہوئے ہیں اور کرپٹ اور لوٹ کھسوٹ کے نظام کی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ20اگست کو شہر کی 76 یونین کونسلوںمیں جے آئی یوتھ لاہور کے انٹراپارٹی الیکشن ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔جے آئی یوتھ پنجاب کے انٹرا پارٹی الیکشن میں نوجوانوں کا ٹرن آوٹ 70%رہا اور بیس اگست کوبھی شہر بھر کے نوجوان اس الیکشن میں بھر پور حصہ لیں گے ۔