خیبر پختونخوا میں آئندہ حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہو گی، بابر نواز خان

ہفتہ 22 جولائی 2017 18:31

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) رکن قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں آئندہ حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہو گی، پی ٹی آئی کی مقامی قیادت سادہ لوح عوام کو ورغلا کر اپنا الو سیدھا کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، میری دو سالہ کارکردگی غاصب ٹولے کی 70 سالہ سیاست پر بھاری ہے۔

جمعہ کو میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند ہفتوں میں ہری پور کے دیہاتوں میں کم وولٹیج اور لوڈ شیڈنگ کے مسائل کا خاتمہ ہو جائے گا، ستر سالوں سے غریب عوام کا استحصال کرنے والے خاندان کا نام و نشان مٹ جائے گا، 180 ویلج کونسلوں کو فی وی سی چار ٹرانسفارمروں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کے جملہ مسائل ایک سال کے اندر ختم ہو جائیں گے جبکہ اسی سال 300 سے زائد دیہاتوں کو سوئی گیس کی فراہمی یقیینی بنائی جائے گی، اگلا الیکشن بھی شیر کے نشان اور مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے ہی لڑیں گے۔

بابر نواز خان نے کہا کہ وہ شہید اختر نواز خان کے فرزند ہیں، اپنے شہید والد کے مشن کو چچا رکن صوبائی اسمبلی گوہر نواز خان کے ساتھ ملکر توڑ نبھا کر دم لیں گے، ان کے حلقہ میں کسی جگہ بھی خراب ہونے والا ٹرانسفارمر عوامی چندوں سے نہیں بلکہ حکومتی فنڈ سے مرمت ہو رہا ہے، اگر واپڈا اہلکار ٹرانسفارمر مرمتی کے نام پر چندہ مانگیں تو فوری طور پر ان سے رابطہ کریں، کسی کو بھی غریب عوام سے جگا ٹیکس ہرگز نہیں لینے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :