تعلیم کی افادیت سے انکار ممکن نہیں، ضلع ناظم مانسہرہ

ہفتہ 22 جولائی 2017 18:31

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) تعلیم کی افادیت اور اہمیت سے انکار ممکن نہیں، تعلیم وہ واحد ہتھیار ہے جس کے ذریعہ پوری دنیا کو فتح کیا جا سکتا ہے، معیاری تعلیم کے بغیر معاشرہ کی ترقی ممکن نہیں، مانسہرہ کی ضلعی حکومت نے تعلیم کو ایک نکاتی ایجنڈا قرار دیتے ہوئے اس پر کام کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج ضلع کونسل میں تمام سیاسی جماعتیں چاہے وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھتی ہوں، تعلیم پر یکجا ہو کرکام کر رہی ہیں، 14 اگست کو مانسہرہ میں ایجوکیشن وژن کے تحت ایک بڑا تعلیمی کنونشن منعقد کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام نے بکی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کا پیغام گھر گھر پہنچائیں گے، سکولوں کی عمارتیں جو زلزلہ میں گر کر تباہ ہو چکی تھیں، کی ازسرنو تعمیر نہ کر کے ایرا نے بہت بڑی زیادتی کی ہے لیکن وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اس بارے میں وزیراعظم محمد نوازشریف سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں اس بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سکولوں کی عمارات کی تعمیر کا وعدہ کیا ہے جبکہ ہم نے سردار محمد یوسف کے ساتھ ملکر مختلف این جی اوز سے اس بارے میں بات کی جس کے ذریعہ کئی سکولوں کی عمارتیں تعمیر بھی کروائی جا چکی ہیں۔ ضلع ناظم مانسہرہ نے کہا کہ بکی میں گورنمنٹ پرائمری سکول پکھا و چونتری کی تعمیر کی افتتاحی تقریب بھی ہماری محنت کا صلہ ہے، فرینڈز ایسوسی ایشن کے مشکور ہیں جو ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :