یونین کونسل پیراں میں دوبارہ گنتی پر ممبر تحصیل کونسل نادر خان کو 14 ووٹوں سے شکست

ہفتہ 22 جولائی 2017 18:25

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) الیکشن ٹریبونل کی جانب سے یونین کونسل پیراں میں دوبارہ گنتی پر ممبر تحصیل کونسل نادر خان 14 ووٹوں سے شکست کھا گئے، دوبار گنتی میں 14 ووٹ زیادہ ہونے پر منیر شاہ کو کامیاب قرار دیدیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ مانسہرہ کی یونین کونسل پیراں میں 30 مئی 2015ء کو ہونے والے الیکشن میں نادر خان اور سید منیر حسین شاہ کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں نادر خان 14 ووٹوں سے کامیاب قرار پائے تھے جس کے بعد سید منیر حسین شاہ نے الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو چیلنج کر دیا جس کے بعد الیکشن ٹریبونل میں مقدمہ کی سماعت مکمل ہوئی۔

دوبارہ گنتی میں منیرشاہ 14 ووٹوں سے کامیاب قرار پائے۔ قبل ازیں بھی دونوں فریقین میں تاریخی پیشی کے موقع پر عدالت میں تصادم ہوا تھا جس کے بعد فیصلہ کے موقع پر سخت سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ ذرائع نے بتایا کہ نادر خان الیکشن ٹریبونل کے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔