سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے ، امید ہے حقائق پر مبنی فیصلہ ہوگا ، بلاول بھٹو

کراچی میں جتنے بھی بڑے ترقیاتی کام ہوئے سب پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ہوئے، چیئرمین پیپلز پارٹی

ہفتہ 22 جولائی 2017 18:11

سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے ، امید ہے حقائق پر مبنی فیصلہ ہوگا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2017ء) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کررہے ہیں امید ہے کہ سپریم کورٹ حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف پر مبنی فیصلہ کرے گی اور ان کو نکال باہر کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈرگ روڈ پر شہید منور سہروردی انڈر بائی پاس کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ کراچی میں جتنے بھی بڑے ترقیاتی کام ہوئے سب پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ہوئے ،شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے دور میں پیپلزپارٹی بہت کام کرایا ہے اور آج بھی انڈربائی پاس بن رہے ہیں کئی ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہا ہے ،صحت و صفائی کے نظام میں بہتری آئی ہے، انہوں نے کہا کہ حالیہ ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار کی کامیابی نے ثابت کردیا ہے کہ کراچی ہمارا شہر ہے،کراچی کی عوام کوپتا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ان کی خدمت کی ہے پیپلزپارٹی نے کراچی اور کراچی کے عوام کیلئے بہت کچھ کیا ہے ،ہم آئندہ بھی عوام کی خدمت کرتے رہیں گے اور ہمیں یقین ہے کہ عوام 2018میں پیپلزپارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے، بلاول بھٹو نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ شریف فیملی کرپشن میں ملوث ہے،کرپشن کے ثبوت سامنے آگئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید منور سہروردی کراچی کی سیاست میں ایک بڑا نام تھے اور پیپلزپارٹی اور جمہوریت کیلئے انہوں بڑی قربانیاں دی ہیں ،مجھے خوشی ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے آج اس انڈر بائی پاس کو شہید منورسہروردی کے نام سے منسوب کیا ہے۔#