کرپشن کا’’ٹائی ٹینک ‘‘ڈوب رہا ہے ، صاف دامن والوں کو چھلانگ لگانا ہو گی ‘عبدالعلیم خان

کرپشن کے خاتمے کیلئے نواز لیگ سے آنیوالوں کیلئے دروازے کھلے ہیں ،سرپرائز دینگے‘ صدر پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب

ہفتہ 22 جولائی 2017 18:02

کرپشن کا’’ٹائی ٹینک ‘‘ڈوب رہا ہے ، صاف دامن والوں کو چھلانگ لگانا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کرپشن کا "ٹائی ٹینک"ڈوب رہا ہے صاف دامن والوں کو اپنا آپ بچانے کیلئے چھلانگ لگانا ہو گی اور وہی بچے گا جس کے ہاتھ کرپشن سے رنگے ہوئے نہیں ہوں گے ،محب وطن اور پاکستان کی ترقی کیلئے کرپشن کا خاتمہ چاہنے والے نواز لیگ کے دوستوں کیلئے تحریک انصاف کے دروازے کھلے ہیں اور انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں ہم جلد بڑے سرپرائز دیں گے ۔

انہوں نے لاہور میں ایم پی اے شعیب صدیقی کی قیادت میں لاہور کینٹ کے پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی دہشت گردوںکیخلاف پی ٹی آئی جنگ فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکی ہے اور قومی اداروں کو اپنی سیاست کیلئے تباہ کرنے والے کرپٹ حکمرانوں کے جیلوں میں جانے کا وقت آگیاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز خاندان کو جب بھی اقتدار کے ایوانوں میں آنے کا موقع ملا، عوام کیلئے مسائل کا طوفان کھڑا ہوا، وسائل کی لوٹ مار کرتے ہوئے ملک کو کمزو ر اور اپنے محلات مضبوط بنائے گئے، قومی اداروں کی فروخت اور میگا پراجیکٹس کی آڑ میں اربوں کے گھپلے کرکے بے نامی جائیدادیں بنائیں گئیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ سیاسی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالفین کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مسلسل جدوجہد سے خاندانی سیاست کی دیواروں میں گہرے شگاف ڈال دیئے ہیں،عوام کرپٹ حکمرانوں کا غرور خاک میں ملنے کا بیتابی سے انتظار کررہے ہیںجبکہ دوسری طرف سیاسی موت دیکھتے ہوئے گلو بٹ بے شرمی اور ہٹ دھرمی پر اتر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن کو چھپانے کیلئے ریکارڈ ٹمپرنگ کرنے والے چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کی فوٹیج بنانے پر خاتون صحافی کیساتھ ہاتھاپائی شرمناک ہے، میڈیا کا راستہ روکنے کے منفی ہتھکنڈوں سے سچ پر مٹی نہیں ڈالی جاسکتی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں اور قانون کیساتھ مذاق کرنے والے سرکاری افسر کو وی آئی پی پروٹوکول دینے والے حکمران اب خود اڈیالہ جیل کے مچھروں کا سامنا کرنے کی تیاری کرلیں، ملک میں احتساب کا نقارہ بج چکا ہے، نواز خاندان کی من گھڑت کہانیوں، جعلی دستاویزات اور قطری شہزادے کے خطوط سب کا پول کھل گیا ہے اسی طرح اسحاق ڈار کا خودساختہ ریکارڈ اور دبئی کے شیخ النیہان کی طرف سے مفت میں ملنے والے مال کی کہانی بھی جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ اپنے مفادات کیلئے حکمرانوںکا دم بھرنے والے درباری اور حواری اب بھی سازش کی رٹ لگارہے ہیں، نواز خاندان کی درجنوں چوریاں جے آئی ٹی نے پکڑیں، یہ ٹیم سپریم کورٹ نے بنائی تو کیا نواز لیگ والے یہ کہہ رہے ہیں کہ سازش عدالت عظمیٰ نے تیار کی ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ابھی تک نواز لیگ میں صرف دو دھڑے بنے ہیں،چند دنوں میں تین بھی ہونگے، خاندان میں موجود ارکان اسمبلی کو نظر انداز کئے جانے پر سیاسی جانشینوں میں جنگ بھی چھڑنے والی ہے۔

متعلقہ عنوان :