دھاندلی کے الزامات غلط ،الیکشن کے روز مبارکباد دینے والوں میں متحدہ رہنما بھی شامل تھے ،ْ سعید غنی

الزامات لگانے والے جانتے ہیں کہ 2018کے عام انتخابات میں ان کا صفایا ہوجائیگا ،ْشفاف انتخابات سے ایم کیو ایم کو خطرہ ہے ،ْمیڈیا سے گفتگو

ہفتہ 22 جولائی 2017 17:46

دھاندلی کے الزامات غلط ،الیکشن کے روز مبارکباد دینے والوں میں متحدہ ..
لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2017ء) کراچی کے حلقہ پی ایس114 سے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے کہا ہے کہ میرے حلقے میں دھاندلی کے الزامات غلط ہیں، الیکشن کے روز میری جیت پر مبارک باد دینے والوں میں متحدہ کے رہنما بھی شامل تھے۔ الزامات لگانے والے جانتے ہیں کہ 2018 کے عام انتخابات میں ان کا صفایا ہوجائے گا ۔

انتخاب میں کامیابی کے بعد گڑھی خدا بخش بھٹو میں شہید بے نظیر بھٹو، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور دیگر شہدا کے مزاروں پر حاضری دینے اور فاتحہ خوانی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کی کراچی میں مقبولیت سے خوفزدہ ہے ، اس وقت ہمارے ووٹرز میں اضافہ اور ایم کیو ایم کے ووٹرز میں کمی ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

میری کامیابی سے ملک بھر میں پیغام گیا ہے کہ شفاف انتخابات سے متحدہ کو خطرہ ہے ۔

اس ضمنی انتخاب میں متحدہ نے اپنے بلدیاتی اداروں کے سرکاری وسائل استعمال کئے ۔ لیکن اب وہ دھاندلی کا جھوٹا رونا رو رہے ہیں، متحدہ والے ڈیٹھ ہیں ان کا جھوٹ بھی ان کے لوگوں کو سچ لگنے لگتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ والے لوگوں کا قتل بھی خود کرتے ہیں اور ان کے گھر رونے کے لئے بھی چلے جاتے ہیں ۔ ایم کیو ایم پاکستان اور لندن ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس میں وزیراعظم اور ان کے بچے نہیں بچ سکیں گے، انہوں نے شہید بے نظیر بھٹو پر جھوٹے مقدمے بنائے ، آج شہید بی بی تو اپنے مزار میں آرام سے ہیں لیکن وزیراعظم اور ان کا خاندان خود رسوا ہورہا ہے ۔