جے آئی ٹی نے شریف خاندان کی کرپشن عیاں کردی ،ْقوم کی نظریں سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہیں ،ْبلاول بھٹو زرداری

امید ہے سپریم کورٹ ہمیں انصاف دے گی ،ْ ملک میں کرپشن کرنے والے لوگ سزا سے بچ نہیں سکیں گے کراچی کی صورتحال میں واضح تبدیلی آئی ہے ،ْشہر میںکچرے کاڈھیرلگا ہوا تھا ،ْ اب صفائی کے نظام میں بہتری آرہی ہے ،ْچیئرمین پیپلزپارٹی کراچی کے لوگ جانتے ہیں کہ ان کیلئے کیا صحیح ہے اور کیا غلط ہے،آصف زرداری کو سندھ کی فکر ہے ،سید مراد علی شاہ کامنورسہروردی انڈرپاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 22 جولائی 2017 17:57

جے آئی ٹی نے شریف خاندان کی کرپشن عیاں کردی ،ْقوم کی نظریں سپریم کورٹ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ نے ثابت کردیا کہ شریف فیملی نے کرپشن کی ہے،پورے ملک کی نظر سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہے ۔ امید ہے کہ عدالت ہمیں انصاف دے گی اور ملک میں کرپشن کرنے والے لوگ سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں کراچی کی صورتحال میں واضح تبدیلی آئی ہے ۔

شہر میںکچرے کاڈھیرلگا ہوا تھالیکن اب صفائی کے نظام میں بہتری آرہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو شاہراہ فیصل پر منور سہروردی شہید انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سلمان عبد اللہ مراد اور دیگر رہنماموجود تھے۔

(جاری ہے)

انڈر پاس کی افتتاحی تقریب میں میئر کراچی موجود نہیں تھے۔شہید منور سہروردی ڈرگ روڈ انڈر پاس کی تعمیر پر 66 کروڑ روپے لاگت آئی ہے اور اسے 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا گیا ہے۔انڈرپاس کی تعمیرسے شہری اب میٹروپول ہوٹل سے ائیرپورٹ تک بلا رکاوٹ سفر کرسکیں گے۔منور سہروردی شہید کے نام سے منسوب نیا تعمیر کردہ انڈر پاس 412 میٹر لمبا ہے جبکہ اسکی ٹنل 52 میٹر ہے، انڈر پاس تین ٹریکس پر مشتمل ہے جبکہ رات کے اوقات میں روشنی کے لئے قدیم زمانے کے 68 پولز نصب کئے گئے ہیں۔

انڈر پاس میں نکاسی آب کے لئے سمر سیبل پمپس نصب ہیں جو بارشوں کے دنوں میں بھی انڈر پاس کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔پہلی بار انڈر پاس میں خوبصورت تصاویر بھی لگائی گئی ہیں جو جنگل کا منظر پیش کر رہی ہیں۔انڈر پاس کراچی پیکج کے تحت تعمیر کیا گیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہید منور سہروردی نے جمہوریت کے لیے جدوجہد کی۔

شہید منور سہروردی کے نام سے انڈر پاس کا افتتاح کرنے پر خوش ہوں۔انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کراچی کو اونر شپ دی ہے۔پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں کراچی کی صورتحال میں واضح تبدیلی آئی ہے ۔شہر کچرے کا گڑھ بناہواتھا لیکن اب صفائی کے نظام میں بہتری آرہی ہے۔صوبائی حکومت شہر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروارہی ہے ۔کراچی کے لوگ ہماری کوششوں کے معترف ہیں اور ان کاموں کی ہی وجہ سے پی ایس 114سے سعید غنی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے ۔

لوگ باتیں اور ہم اپنا کام کریں گے۔کارکردگی کی بنیاد پر کراچی کے عوام 2018کے انتخابات میں پیپلزپارٹی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے ۔انہوںنے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ نے ثابت کردیا کہ شریف فیملی نے کرپشن کی ہے،پورے ملک کی نظر سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہے،امید ہے کہ سپریم کورٹ ہمیں انصاف دے گی اور ملک میں کرپشن کرنے والے لوگ سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ایس 114 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں کراچی کے عوام نے سعید غنی کو کامیابی دلائی ہے ۔ کراچی کے لوگ جانتے ہیں کہ ان کیلئے کیا صحیح ہے اور کیا غلط ہے۔ پی ایس 114 میں کامیابی دلانے پر عوام کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہ زرداری صاحب کو سندھ کی فکر ہے انہوں نے ہدایت کی ہے کہ پورے سندھ کے عوام کی خدمت کی جائے، لہذا زرداری صاحب کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شارع فیصل پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ عوام کو زحمت ہو رہی ہے اس پر معذرت خواہ ہوں۔ جولائی کے اختتام تک ہی شارع فیصل پر تعمیراتی کام مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔