بنگلہ دیش دنیا میں روئی درآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے،وزیر زراعت پنجاب

ہفتہ 22 جولائی 2017 17:41

بنگلہ دیش دنیا میں روئی درآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے،وزیر زراعت ..
راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) وزیر زراعت پنجاب محمد نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی منظر نامے (scenario)کے پیش نظر رواں سیزن کپاس کی قیمتیں مستحکم رہیں گی جن کی بدولت پچھلے چند سالوں میں کپاس کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے کاشتکاروں کو پہنچنے والے نقصان کا کافی حد تک ازالہ ہوسکے گا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سیزن بھارت کی اہم ریاستوں مہاراشٹر، آندھرا پردیش ، گجرات، راجھستان اور ہریانہ میں پیداوار میں کمی کے امکانات ہیں کیونکہ کپاس کی ان اہم ریاستوں میں رواں ماہ بہت کم بارشیں ہوئیں جن کی وجہ سے کپاس کی کاشت کا عمل نہایت سست روی کا شکار ہے۔

انڈیا کی ان ریاستوں میں کپاس کی کاشت کے مقرر کردہ اہداف کے حصول کے امکانات تقریباً ختم ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

بارشیں کم ہونے کہ وجہ سے بوائی کی رفتار میں کمی کی وجہ سے کل پیداوار میں بھی کمی کا اندیشہ ہے جس کی وجہ سے انڈیا کے کپاس کے کاشتکاروں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔ جس کی وجہ سے عالمی منڈی میں آئندہ ہونے والے معاہدوں میں روئی کی خریداری اور قیمتوں میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔

صوبائی وزیر زراعت نے مزید بتایا کہ بنگلہ دیش دنیا میں چائنہ کے بعد روئی درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ بنگلہ دیش صرف تین فیصد روئی خود پیدا کرتا ہے جبکہ بقیہ 97 فیصد روئی درآمد کرتا ہے جس سے وہ اپنی مقامی 5ہزار گارمنٹس، فیکٹریز اور 450 سپننگ ملوں کی ڈیمانڈ پوری کرتا ہے۔ دنیا میں روئی کی ڈیمانڈ میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ رواں سیزن دنیا میں کپاس کی کل پیداوار 22.9ملین ٹن ہونے کی توقع ہے جبکہ کل کھپت 24.3ملین ٹن ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال بنگلہ دیش اورویتنام میں بھی روئی کی کھپت میں 5 فیصد اضافہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :