پنجاب خود روزگار سکیم کے تحت 15لاکھ سے زائد خاندانوں کو 31ارب روپے کی فراہمی کی گئی ‘ ملک اقبال چنٹر

صوبہ بھر کے 15لاکھ سے زائد گھرانوں کو بلاسود قرضے فراہم کرنے کا عمل وزیر اعلیٰ کے خوشحال اور ترقی یافتہ پنجاب کے ویژن کی عملی تفسیر ہے

ہفتہ 22 جولائی 2017 17:12

پنجاب خود روزگار سکیم کے تحت 15لاکھ سے زائد خاندانوں کو 31ارب روپے کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2017ء) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب خود روزگار سکیم کے تحت 15لاکھ سے زائد خاندانوں کو 31ارب روپے فراہم کر چکی ہے،صوبہ پنجاب کے 36اضلاع کے 15لاکھ سے زائد گھرانوں کو بلاسود قرضے فراہم کرنے کا عمل وزیر اعلیٰ پنجاب کے خوشحال ، متمدن اور ترقی یافتہ پنجاب کی تشکیل کے ویژن کی عملی تفسیر ہے۔

انہوں نے پنے کیمپ آفس میں مسلم لیگی ورکرز کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ اس خودروزگار سکیم سے لاکھوں گھرانے معاشی طور پر خود کفیل ہو رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اور یونیسیف کے باہمی اشتراک سے ضلع بہاول پور میں ڈیجیٹل رجسٹریشن پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت نکاح خواں اور سیکرٹری یونین کونسل 60روز کے اندر اندر برتھ سرٹیفکیٹ رجسٹریشن کرنے کے مجاز ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن بلامعاوضہ کی جائے گی جبکہ نادرا سے برتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے نادرا کی مختص کردہ فیس 100روپے اداکرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نکاح خواں کے علاوہ کوئی بھی شہری بچے کی پیدائش کی رجسٹریشن کی معلومات فراہم کر سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پائلٹ پراجیکٹ پر عملدرآمد کے دوران درپیش مسائل کے سد باب کے لئے صوبائی سطح پر پراونشل سٹیئرنگ کمیٹی ، ضلع کی سطح پر ضلعی سٹیئرنگ کمیٹی جبکہ تحصیل کی سطح پر تحصیل ورکنگ گروپ تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔

ضلع میں ڈپٹی کمشنر ضلعی سٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ تحصیل ورکنگ گروپ کے سربراہ متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ہوں گے۔ صوبہ پنجاب میں برتھ رجسٹریشن کا تناسب ملک بھر میں سب سے زیادہ 77فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ برتھ رجسٹریشن کے حوالہ سے مہیا کی گئی تمام معلومات ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ کے مرکزی دفتر لاہور کے سرور میں محفوظ کی جائے گی جسے بعد ازاں حکومتی اداروں کی مستقبل کے لئے کئے جانے والی منصوبہ سازی کے لئے استعمال کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام نومولود کو معاشرہ میں ایک مخصوص حیثیت دیتے ہوئے اس کو مکمل شناخت فراہم کرنے کا حکم دیتا ہے جس میں اس کے نام کی قانونی اور معاشرتی طور پر رجسٹریشن اہم حیثیت کی حامل ہے۔ برتھ رجسٹریشن کے حوالہ سے لیڈی ہیلتھ ورکر اور نمبردار ضروری اکائی ہیں جو بچوں کی پیدائش کے ساتھ ساتھ حفاظتی ٹیکوں ودیگر اہم معلومات کا اہم ذریعہ ہیں۔ بہاول پور میں 171یونین کونسلز کے سیکرٹریز اور 1591نکاح خواں ہیں۔ نکاح خواں کو ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن کے حوالہ سے خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :