لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے جوڈیشل افسر وںسے 31جولائی تک اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کر لیں

پہلے سے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے والے جوڈیشل افسران پر اس مراسلے کا اطلاق نہیں ہو گا‘ رجسٹرار ہائیکورٹ

ہفتہ 22 جولائی 2017 17:12

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے جوڈیشل افسر وںسے 31جولائی تک اثاثہ جات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے جوڈیشل افسر وںسے 31جولائی تک اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کر لیں۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ کی منظوری کے بعد رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پنجاب بھر کے سیشن ججوں سمیت تمام جوڈیشل افسران کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔جس میں حکم دیا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے سیشن ججز، ایڈیشنل سیشن ججز، سینئر سول اور سول ججز اپنی منقولہ، غیر منقولہ جائیدادوں اور اپنے خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات لاہور ہائیکورٹ کو فراہم کریں گے۔

مراسلے میں پنجاب کے تمام جوڈیشل افسران کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے بنک اکائونٹس کی سٹیٹمنٹس بھی ہائیکورٹ کو بھجوائیں۔ جوڈیشل افسران کو یہ حکم بھی دیا گیا ہے کہ وہ سرکاری رہائش گاہوں کے یوٹیلٹی بلز اور کرایوں کے بقایا جات کی ادائیگیوں کے سرٹیفکیٹس بھی فراہم کریں۔

(جاری ہے)

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ 15مارچ کو بھی جوڈیشل افسروں سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں لیکن اکثر جوڈیشل افسروں کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ پنجاب کی ماتحت عدلیہ کے تمام ججز 31 جولائی تک اپنے تمام اثاثوں کی تفصیلات لاہور ہائیکورٹ کو بھجوائیں۔ پہلے سے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے والے جوڈیشل افسران پر اس مراسلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔