اکثریتی سیاسی و سماجی حلقوں کا نئے ائیر پورٹ کو عبد الستار ایدھی کے نام سے منسوب کرنیکی تجویز

سروے میں جنرل راحیل شریف ،پرویز مشرف ،ڈاکٹر عبد السلام،لیاقت علی خان بھی سامنے آئے

ہفتہ 22 جولائی 2017 16:46

اکثریتی سیاسی و سماجی حلقوں کا نئے ائیر پورٹ کو عبد الستار ایدھی کے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2017ء) عوامی حلقوں نے نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کا نام معروف سیاسی اور سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کرنے کی اپیل کی ہے،ایک سروے رپورٹ کے مطابق دنیا کا ایک بڑا مسافروں کیلئے بننے والا ائیرپورٹ جس کے افتتاح کو ایک ماہ رہ گیا ہے،اس کا نام تاحال فائنل نہ ہوسکا۔ شہریوں کی اکثریت اس بات پر متفق ہے کہ نئے ائیرپورٹ کا نام عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کیا جائے اور یہ ان کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر خدمات خراج عقیدت پیش کرنے کا ایک بہترین طریقہ ہے لیکن لوگوں کی ایک تجویز یہ بھی سامنے آئی ہے کہ اس ائیرپورٹ کو پاکستان کے پہلے گورنر قائد اعظم محمد علی جناح یا ملک کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کے نام سے بھی منسوب کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

عوام کی ایک بڑی تعداد نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر عبدالسلام اور پاکستان کو ایٹمی طاقت کا حامل ملک بنانے والے نامور سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے نام سے بھی منسوب کرنے کی حمایت میں ہیں،لوگ اس بات پر بھی متفق نظر آتے ہیں کہ ٹیکسلا تاریخی اعتبار سے پرانا شہر ہے لہٰذا اس ائیرپورٹ کا نام گندہارا اور پوٹھوہار ائیرپورٹ بھی رکھا جاسکتا ہے۔

لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے بابوگروناننک اور رنجیت سنگھ کے ناموں کی بھی تجویزدی جبکہ سروے میں سابق آرمی چیف جنرل(ر)پرویزمشرف،جنرل (ر)راحیل شریف کے ناموں کی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں۔عوام نے کہا کہ جس طرح راولپنڈی میں بینظیر ہسپتال اور ائیرپورٹ کو منسلک کیا گیا ہے اسی طرح کے اقدامات نہیں ہونے چاہئیں۔سروے میں لوگوں نے کہا ہے کہ چونکہ قائد اعظم کے نام سے اس سے قبل بھی کراچی ائیرپورٹ بنا تھا لہٰذا دوبارہ اس نام سے ائیرپورٹ نہیں بننا چاہئے۔واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف نے اس سلسلے میں ایک خصوصی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا تھا جس کو ٹاسک دیا گیا تھا کہ نئے بننے والے ائیرپورٹ کا نام تجویز کریں۔