نواز شریف عقل سے کام لیں اور نیا وزیر اعظم لے آئیں ،سید خورشید شاہ

ہفتہ 22 جولائی 2017 15:08

نواز شریف عقل سے کام لیں اور نیا وزیر اعظم لے آئیں ،سید خورشید شاہ
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف عقل سے کام لیں اور نیا وزیر اعظم لے آئیں ، چاہتے ہیں نیا وزیر اعظم آئے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے ، ملک کا و زیر اعظم اقامہ پر مزدوری کر رہا ہے ، حکومت نے اداروں کو دھمکیاں دیں ، پیپلز پارٹی کے خلاف کئی سکینڈلز بنے کبھی اداروں سے نہیں لڑے ، پانامہ کیس کا فیصلہ کھلی کتاب کی صورت میں نظر آ رہا ہے ، چوہدری نثار استعفیٰ دیں یا نہ دیں فیصلہ خود کرنا ہے۔

ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ (ن) لیگ کو پتہ ہے کہ وہ پانامہ کیس میں فیل ہوئے ہیں۔ نواز شریف عقل سے کام لیں اور نیا وزیر اعظم لے آئیں۔ ان کی ہٹ دھرمی نے انہیں یہاں تک پہنچایا ہے۔

(جاری ہے)

ہم نے جمہو ریت کی مضبوطی کیلئے جانیں دیں جیلیں کاٹیں ، کوڑے کھائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم جمہوریت کی مضبوطی کیلئے لڑتے رہے ۔ چاہتے ہیں کہ نیا و زیر اعظم آئے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کی حمایت نہیں کرتے۔ پیپلز پارٹی کے خلاف کئی سکینڈلز بنے کبھی اداروں سے نہیں لڑے۔ حکومت نے اداروں کو دھمکیاں دیں ملک کا و زیر اعظم اقامے پر مزدوری کر رہا ہے۔ پانامہ کیس کا فیصلہ کھلی کتاب کی صورت میں نظر آ رہا ہے۔ ایسا کوئی کھیل نہیں کھیلا جانا چاہیے جس سے عوام کا اداروں سے اعتماد اٹھ جائے۔ ظفر حجازی نے حکومت کے کہنے پر گڑبڑ کی۔ حکومت اب ظفر حجازی کو بچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار سے اختلاف ہے ۔ چوہدری نثار کے موقف میں وزن تھا۔ چوہدری نثار نے کہاکہ آپ کی ٹیم نے حکومت کو پھنسوا دیا۔ ان کی ناراضگی اپنی جگہ ٹھیک ہے۔ چوہدری نثار استعفیٰ دیں یا نہ دیں فیصلہ خود کرنا ہے۔