ماڈل ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے الائٹیوں کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 22 جولائی 2017 14:14

ماڈل ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے الائٹیوں کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات ..
سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء)ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کی ترقی اور الائٹیوں کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ امپروومنٹ ٹرسٹ پلازہ اور ماڈل ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے پلاٹس‘دکانوں اور الاٹیوں کی تفصیلات امپروومنٹ ٹرسٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں جس سے جعلی الاٹمنٹ کاخاتمہ ہوگا ۔

خریدوفروخت کی دستاویزات پر خریدار‘ فروخت کندہ سمیت اسسٹنٹ سیکرٹری امپروومنٹ کی تصویر بھی ہو گی۔ ہاؤسنگ سکیم میں 57 پلاٹس کی خلاف ضابطہ الاٹمنٹ پر ایسے افراد کے خلاف انکوائری کر کے ان کے کیس اینٹی کرپشن کو دینے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ انکوائری کے بعد ڈیڑھ سو سے زائد افراد کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

وہ سرگودہا امپروومنٹ ٹرسٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سرگودہا کے شہریوں کیلئے یہ بہت بڑی خوشخبری ہے کہ سرگودہا امپروومنٹ ٹرسٹ کو سرگودہا ڈویلپمنٹ اتھارٹی میںتبدیل کر دیاگیاہے جس کے باضابطہ اجلاس میں واسا کے ادارہ کی تشکیل دے دی جائے گی جس سے شہر میں سیوریج کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی اور عملہ صفائی کی تعداد میں اضافہ ہو گا ۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ ماڈل ٹاؤن سے ملحقہ 49 ایکڑ اراضی میں سے 25 ایکٹر رقبہ پر چڑیا گھر جبکہ بقایا 24 ایکڑ رقبہ پر شہباز شریف پارک قائم کیا جارہاہے ۔اس کے علاوہ دس ایکڑ رقبہ سرگودہا جم خانہ کلب کیلئے مختص کر دیاگیاہے ۔ جہاں پر ہارس رائیڈنگ او ردیگر تفریحی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی ان تینوںمنصوبوں پرجلد کام کا آغاز کیاجارہاہے ۔