آزادی پسند رہنمائوں، تنظیموں کی بیروہ میں نوجوان کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت

بھارتی فوج کشمیریوں کی منظم نسل کشی کر رہی ہے، سید علی گیلانی، میر واعظ ، یاسین ملک

ہفتہ 22 جولائی 2017 13:32

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ،حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق ،جموں و لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک اور دیگرمزاحمتی رہنمائوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع بڈگام کے علاقے بیروہ میںایک بے گناہ نوجوان تنویر احمد وانی کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض فوج کشمیریوں کی منظم نسل کشی کر رہی ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ایک کشمیری نوجوان کو گاڑی سے باندھنے والے میجر کو توصیفی سند سے نوازنے کے بعد سے قابض فوجیوں کو نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسانے کی مزید شہہ ملی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نہتے شہریوںکے قتل پرقابض فوجیوں سے کوئی باز پرس نہیں کی جاتی اور نہ انکے خلاف مقدمہ درج کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

میرواعظ عمر فاروق نے تنویر احمد وانی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو چن چن کر مارا جا رہا ہے اور بدقسمتی سے دنیا تماشائی کا کردارادا کر رہی ہے۔میرواعظ عمرفاروق نے تنویر احمد کے والدین اور دیگر لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان جس بلند نصب العین کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں ، اس کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

محمدیاسین ملک نے ایک بیان میں نوجوان کے بہیمانہ قتل پر دلی رنج و غم کا اطہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کا مذموم سلسلہ مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے تنویر کے قتل کو سراسر سرکاری دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اس طرح کی کارروائی کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا۔

۔ انجمن شرعی شیعان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الٖصفوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نوجوان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اپنی فورسز کے نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری اپنے عظیم شہدا ء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری محمد عبداللہ طاری نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی فوج بے لگام ہو چکی ہے اور وہ کشمیریوں کو مختلف طریقوں سے تہہ تیغ کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔

اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئر مین محمد یوسف نقاش نے کہا کہ بھارت نے کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت اپنی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کا لائسنس دے رکھا ہے جس پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے ۔ امت اسلامی کے چیئرمین و قاضی احمد یاسرنے بھی اپنے ایک بیان میں قابض فوج کے ہاتھوں نہتے نوجوان کے قتل پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان نے ایک بیان میں کہا کہ فوجی اہلکاروں نے جس طرح ایک نہتے شہری کو بلا کسی جواز کے قتل کر دیا وہ انکی جارحانہ پالیسی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا عکاس ہے ۔جموں وکشمیر سالویشن مومنٹ کے چیئرمین ظفراکبربٹ حریت رہنمائوں انجینئرہلال احمد وار،ایڈوکیٹ محمدشفیع ریشی ،محمد اقبال میر، قطب عالم ، فاروق احمد ڈار نے بھ اپنے بیانات میں نوجوان کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے اپنی فوج کو کشمیریوں کی نسل کشی کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔

یاد رہے کہ بھارتی فوج کی 53راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے جمعہ کے روز بیروہ بازار میں اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں 25سالہ نتویر احمد سرمیں گولی لگنے سے شہید جبکہ عبدالرئوف وانی نامی نوجوان زخمی ہوا تھا۔