پنڈت کشمیرکے معاشرے کا اہم حصہ ہیں، کشمیری مسلمان انکی واپسی کے مخالف نہیں،سید علی گیلانی کی پنڈت وفد سے گفتگو

ہفتہ 22 جولائی 2017 13:32

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ پنڈت کشمیر کے معاشرے کا ایک حصہ ہیں اور کوئی بھی کشمیری ان کی مقبوضہ وادی میں واپسی کا مخالف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے پنڈت وادی چھوڑ کر نہیں گئے اور وہ آج بھی یہاں امن وسکون کے ساتھ رہ رہے ہیں اور مسلمان ہمسائے ان کے دٴْکھ سٴْکھ میں برابر کے شریک ہوتے ہیں ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے ان خیالات کا اظہار پنڈتوں کے ایک وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا جس نے حریت چیئرمین کے ساتھ سرینگر میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ پنڈٹ وفد نے سیدعلی گیلانی کی خیریت دریافت کی اور مقبوضہ وادی میں اپنی واپسی کے حوالے سے ان کے ساتھ تبادلہ خیالات کیا۔

(جاری ہے)

سیدعلی گیلانی نے وفد کو بتایا کہ انکا پہلے دن سے یہ موقف رہا ہے کہ تمام پنڈتوں کو واپس آکر اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ اٴْسی طرح سے رہنا چاہیے جس طرح سے وہ صدیوں سے رہتے آئے ہیں اور حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ دوبارہ آباد کاری میں ان کی بھر پور مدد کرے۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ وہ پنڈتوں کو معاشرے سے الگ کرانے اور کشمیریوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کرانے کے حق میں نہیں ہیں، لہٰذا وہ ان کے لیے الگ کالونیاں تعمیر کرانے پر اعتراض اٹھاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں جو تحریک جاری ہے، اٴْس کا فرقہ واریت کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ پنڈت رہنمائوں نے بھی اس موقع پر اس بات کا اعتراف کیا کہ جو پنڈت وادی چھوڑ کر نہیں گئے ، انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں۔

متعلقہ عنوان :