یو این ایچ سی آر کی جانب سے پاکستان میں غیررجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کی رجسٹریشن کیلئے پائلٹ پراجیکٹ کا خیرمقدم

ہفتہ 22 جولائی 2017 13:01

یو این ایچ سی آر کی جانب سے پاکستان میں غیررجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں ..
اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے ادارہ یو این ایچ سی آر نے پاکستان میں غیررجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کی رجسٹریشن کیلئے پائلٹ پراجیکٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے نتیجہ میں تقریباً 10 لاکھ غیررجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کی رجسٹریشن متوقع ہے ۔ یو این ایچ سی آر کی ترجمان دونیا اسلم خان نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت پاکستان میں مقیم ایسے افغان پناہ گزینوں کی رجسٹریشن ہوگی جن کے پاس ملک میں قیام کی قانونی دستاویزات موجود نہیں۔

اس کے علاوہ اس اقدام سے ان افغان پناہ گزینوں کوبھی سہولت ملے گی جو پاکستان میں مقیم ہیں اورجو کسی وجہ سے اپنے ملک نہیں جاسکتے۔ اس پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز ہوچکا ہے اور ابتدائی طور پر پشاور اور اسلام آباد کے مراکزمیں غیررجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کی رجسٹریشن جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کا دائرہ کار16 اگست سے ملک بھرمیں پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت رجسٹرڈ ہونے والے افغان پناہ گزینوں کو رہائش کیلئے درکار کارڈز فراہم کئے جائیں گے ، جو افغان حکومت کی جانب سے ایسے افراد کو پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کے اجراء تک کارآمد رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے ایسے کئی افغان خاندانوں کو ریلیف ملے گاجن کے بعض ارکان کے پاس اگرچہ قانونی دستاویزات موجود ہیںلیکن ایسے خاندانوں کے دیگر افراد کے پاس اس طرح کی دستاویزات نہیں ہوتیںجس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

متعلقہ عنوان :