کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید پولیس اہلکاروں کی نمازہ جنازہ ادا کردی گئی

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کو 50 لاکھ روپے اور خاندان کے ایک فرد کو پولیس میں ملازمت اور دیگر مراعات دینے کا اعلان ، اس طرح کے واقعات سے پولیس کے حوصلوں کو پست نہیں کیا جاسکتا، پولیس جرائم کیخلاف اپنی کاروائیاں جاری رکھے گی،آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 22 جولائی 2017 11:56

کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید پولیس اہلکاروں کی نمازہ جنازہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2017ء) نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 3 پولیس اہلکاروں کی نمازہ جنازہ پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن میں ادا کردی گئی ہے، نمازہ جنازہ میں وزیراعلی سندھ ، ڈی جی رینجرز سندھ سمیت پولیس کے اعلی افسران نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اے ایس آئی قمرالدین، کانسٹیبل بابر اورکانسٹیبل افضل کی نماز جنازہ پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن میں ادا کردی گئی ہے۔

نمازہ جنازہ میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر ناصر شاھ، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ڈی جی رینجرز میجرجنرل محمد سعید، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادرتھیبو، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سمیت دیگر سینئر پولیس افسران اور شہید اہلکاروں کے اہل خانہ اور دوست احباب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

نمازہ جنازہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے شہید اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کو 50 لاکھ روپے جبکہ خاندان کے ایک فرد کو پولیس میں ملازمت دینے اور دیگر مراعات کا اعلان کیا۔

اس موقع پر اے ڈی خواجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کے واقعات سے پولیس کے حوصلوں کو ہرگز پست نہیں کیا جاسکتا، پولیس جرائم کے خلاف اپنی کاروائیاں جاری رکھے گی اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔دوسری جانب کورنگی میں پولیس پر فائرنگ کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں قتل ،اقدام قتل اور دشتگردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔