نواز شریف پر آرٹیکل 63-62 لاگو ہوتا ہے ،

وہ نااہلی کے مرتکب ہیں ، شاہ محمود قریشی

ہفتہ 22 جولائی 2017 11:56

نواز شریف پر آرٹیکل 63-62 لاگو ہوتا ہے ،
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نواز شریف پر آرٹیکل 63-62 لاگو ہوتا ہے ، وہ نااہلی کے مرتکب ہیں ، عدالت میں جعلی دستاویزات پیش کی گئیں۔ قوم چاہتی ہے کہ کرپٹ طبقے کو کٹہرے میں لایا جائے ، مسلم لیگ (ن) میں دو گروپ بن گئے ہیں ، جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ، کوئی سازش نہیں ہو رہی ، سپریم کورٹ کا فیصلہ عوامی توقعات کے مطابق ہو گا۔

و ہ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے دونوں فریقین کو پور ا وقت دیا۔سپریم کورٹ میں نواز شریف کو دوسرا موقع ملا۔ دوسرا موقع ملنے پر بھی وہ ٹھوس شواہد پیش نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ کہ نواز شریف پر آرٹیکل 63-62 لاگو ہوتا ہے ، وہ نااہلی کے مرتکب ہیں ، عدالت میں جعلی دستاویزات پیش کی گئیں۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم چاہتی ہے کہ کرپٹ طبقے کو کٹہرے میں لایا جائے۔ہم انتظار کے موڈ میں ہیں جہاں اتنا صبر کیا تھوڑا اور کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں دو گروپ بن گئے ہیں ، اگر وہ اپنا نیا وزیر اعظم لاتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ، کوئی سازش نہیں ہو رہی ، سپریم کورٹ کا فیصلہ عوامی توقعات کے مطابق ہو گا۔ نواز شریف کوئی منی ٹریل نہیں دے سکے۔