امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں،

پاکستان نے دہشتگردوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں کیں ، دہشتگردی کا بنیادی ڈھانچہ تباہ کردیا ہے ،معاشی اشارئیے بہتری کی جانب گامزن ہیں ، سی پیک پاکستان نہیں پورے خطے کیلئے فائدہ مند ہو گا ، بدلتے ہوئے معاشی اتحاد میں علاقائی جڑائو ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کی امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت امریکی بزنس کمیونٹی پاکستان کی بہتر معاشی صورتحال سے مطمئن ہے، امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے بارے میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں،صدر پوٹو میک ایکسچینج کیتھرین موس

ہفتہ 22 جولائی 2017 11:56

امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں،
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2017ء) امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوا ہے ، پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی ہیں، جس کے باعث سیکیورٹی کی صورتحال کافی بہترہوئی ہے، پاکستان کے معاشی اشارئیے بہتری کی جانب گامزن ہیں ، سی پیک پاکستان میں نہیں پورے خطے کیلئے فائدہ مند ہو گا ، بدلتے ہوئے معاشی اتحاد میں علاقائی جڑائو ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے۔

ہفتہ کو پوٹو میک ایکسچینج نے پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

(جاری ہے)

پوٹومیک بزنس فورم کے ظہرانے میں امریکی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے امریکی سرمایہ کار کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ امریکی کمپنیوں کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں لہذا ملٹی نیشنل فرمز پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کیں ، جس کے باعث پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بھی کافی بہتر ہوئی ہے، ان کارروائیوں کے باعث پاکستان کے معاشی اشاریئے بھی مثبت سمت میں گامزن ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوا ہے ۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ سی پیک پاکستان میں نہیں پورے خطے کیلئے فائدہ مند ہو گا ، بدلتے ہوئے معاشی اتحاد میں علاقائی جڑائو ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے۔

اس موقع پر صدر پوٹو میک ایکسچینج کیتھرین موس نے ظہرانے میں شرکت کرنے پر پاکستانی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکی بزنس کمیونٹی پاکستان کی بہتر معاشی صورتحال سے مطمئن ہے، اور امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے بارے میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں۔