عامل صحافیوں کی فلاح وبہبود اورانہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومت بھرپورمعاونت جاری رکھے گی ، عامل صحافیوں کوکام کرنے کے بہترماحول اورمناسب معاوضوں کی فراہمی کوبھی یقینی بنایاجائے گا،وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری

جمعہ 21 جولائی 2017 22:13

عامل صحافیوں کی فلاح وبہبود اورانہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومت ..
کوئٹہ۔21جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2017ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ عامل صحافیوں کی فلاح وبہبوداورانہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومت بھرپورمعاونت جاری رکھے گی ،جبکہ عامل صحافیوں کوکام کرنے کے بہترماحول اورمناسب معاوضوں کی فراہمی کوبھی یقینی بنایاجائے گا،اس ضمن میں متعلقہ محکمے اورناظم اعلیٰ تعلقات عامہ اپنی سفارشات تیار کرکے انہیں پیش کریں گے،ان خیالات کا اظہارانہوں نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے یونین کے صدر خلیل احمد کی قیادت میں ان سے ملاقات کی،سینئرممبربورڈ آف ریونیواقبال کھوسہ،سیکرٹری خزانہ اکبرحسین درانی،سیکرٹری اطلاعات عبدالفتح بھنگر،ڈپٹی میئرکوئٹہ محمدیونس بلوچ اورڈائریکٹرجنرل پبلک ریلیشنز لعل جان جعفر بھی اس موقع پر موجودتھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کی حکومت دیگر شعبوں کی طرح شعبہ صحافت کو بھی مضبوط بنیادوں پر استواردیکھناچاہتی ہے اوراس شعبہ سے وابستہ لوگوں کی فلاح وبہبود،ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ جرنلسٹس ویلفیئر فنڈ کی سیڈ منی میں 20کروڑروپے کا خطیر اضافہ کیاگیاہے انہوں نے گذشتہ مالی سال میں جرنلسٹس فنڈ کیلئے جاری کی گئی رقم کے لیپس ہونے پر ناپسندیدگی کااظہارکرتے ہوئے فنڈز کے دوبارہ فوری اجرأ کی ہدایت کی جبکہ انہوں نے سانحہ سول ہسپتال میں شہیدہونے والے صحافیوں کے لواحقین کیلئے امدادی رقوم کے چیک کی بھی فوری ادائیگی کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے سینئرممبربورڈآف ریونیو کو صحافیوں کی رہائشی کالونی کیلئے اراضی کی فراہمی کی سمری فوری طورپرپیش کرنے کی ہدایت کی ،وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ کوئٹہ پریس کلب کی سالانہ گرانٹ میں اضافہ کے اعلان کو بھی جلد عملی جامعہ پہنایاجائے گا اس حوالے سے انہوں نے سیکرٹری خزانہ ،سیکرٹری اطلاعات اورڈی جی پی آر کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔صحافیوں کے وفد نے عامل صحافیوں کی فلاح وبہبود اورانکے مسائل کے حل کیلئے خصوصی توجہ اورعملی اقدامات پروزیراعلیٰ کا شکریہ اداکیا۔

متعلقہ عنوان :