وفاقی وصوبائی حکومت کی سرپرستی سے پولیس کوجدید خطوپرتربیت اوراسلحہ سے لیس کردیا ہے‘ پولیس امن وامان کی موجودہ صورتحال کا جوانمردی سے مقابلہ کررہی ہے ،پولیس قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرکے عوام کے جان ومال کاتحفظ یقینی بنارہی ہے ،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا اے ٹی ایف سکول میں منعقدہ ایلیٹ فورس کے چھٹے بیسک کورس کی پاسنگ آؤٹ اورونگ کی تقریب سے خطاب

جمعہ 21 جولائی 2017 22:13

وفاقی وصوبائی حکومت کی سرپرستی سے پولیس کوجدید خطوپرتربیت اوراسلحہ ..
کوئٹہ۔21جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی سرپرستی سے پولیس کوجدید خطوپرتربیت اوراسلحہ سے لیس کردیاہے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں‘ امن وامان کے قیام کیلئے پولیس کی جدوجہد قابل تحسین ہے‘ اس جہد مسلسل پیشہ ورانہ معیار کو مزید ترقی دینی ہے تاکہ امن وامان کے حوالے سے دہشت گردی کے خلاف پولیس جس طرح اپنی جانوں کی قربانی دے کر عوام کی جان ومال کے تحفظ کویقینی بنارہے ہے وہ قابل تحسین ہے‘ پولیس امن وامان کی موجودہ صورتحال کا نہایت جوانمردی سے مقابلہ کررہی ہے اورقیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرکے عوام کے جان ومال کاتحفظ یقینی بنارہی ہے‘ ہم بلوچستان پولیس کے بہادرافسران اورجوانوں کے ساتھ ساتھ شہداء پولیس کو سلام پیش کرتے ہیں اوریقین دلاتے ہیں کہ بلوچستان کی حکومت اُن کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے اے ٹی ایف سکول میں منعقدہ ایلیٹ فورس کے چھٹے بیسک کورس کی پاسنگ آؤٹ اورونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزرأ ،اراکین صوبائی اسمبلی،آئی جی پولیس احسن محبوب،جی اوسی 41ڈو یژن میجر جنرل عابدلطیف ،ایڈیشنل آئی جی پولیس ڈاکٹرمجیب الرحمن،ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزق چیمہ،پولیس اورایف سی کے افسران اورپولیس کے جوانوں نے تقریب میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس وقت صوبے کو امن وامان کے کئی چیلنجز درپیش ہیں ٹارگٹ کلنگ ،دہشت گردی اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر دہشت گردحملے ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہیں،تاہم انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے مخصوص حالات اورچیلنجز کاسامنا کرنے کیلئے بلوچستان پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیاجارہاہے ،وفاقی اورصوبائی حکومت کی سرپرستی سے پولیس کو جدید تربیت ،اسلحہ اورسازسامان سے لیس کردیاگیاہے جس کے خاطرخواہ نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ امن وامان کے قیام کیلئے بلوچستان پولیس کی جدوجہد قابل تحسین ہے۔انہوں نے پولیس افسران اوراہلکاروں پر زوردیا کہ اس جہد مسلسل میں انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ معیار کو مزید ترقی دینی ہے تاکہ آئندہ چیلجز کا سامنا کرنے کیلئے وہ پوری طرح تیار ہوسکیں،وزیراعلیٰ نے کہاکہ انہیں پولیس کی تربیت کا اعلیٰ معیار دیکھ کر خوشی اوراطمینان محسوس ہواہے اورگذشتہ سال بی سی کی صلاحیتوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے اس میں ایک ہزارتعداد پر مشتمل ایلیٹ فورس کے قیام کا وژن پیش کیاتھا جسے عملی جامعہ پہنایاگیاہے،وزیراعلیٰ نے کہاکہ اب تک 700سے زائد اہلکارتربیت مکمل کرکے ایلیٹ فورس کا حصہ بن چکے ہیں جس میں مزید اضافہ ہوگا،انہوں نے کہاکہ افسرا وراہلکار بلوچستان پولیس کے ناموس کی علامت ہیں اورہمیں ان سے بڑی اُمیدیں وابستہ ہیں،انہوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران مضبوط حکمت عملی اورفولادی عزم سے دہشت گردوں اورشرپسندوں کو کیفرکردارتک پہنچانا ہے،وزیراعلیٰ نے کہاکہ قانون اورریاست کی طاقت اوراللہ کی نصرت بلوچستان پولیس کے ساتھ ہے جس کے ذریعہ اس نے دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو شکست فاش دینا ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں نے معاشرے میں ایک منفرد اورمعززپیشے کاانتخاب کیاہے عوام کی جان ومال اورعزت وآبرو کا تحفظ ان کا فرض ہے انہوں نے پولیس اہلکاروں پر زوردیا کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران انسانی حقوق کا احترام اورہرشہری کی عزت کے نفس کا خیال رکھنا ان پر لازم ہے لہٰذا وہ عوام کے محافظ اورمددگار بن کر اپنااوراپنے محکمے کا نام روشن کریں۔

انہوں نے تربیت کے دوران پوزیشن حاصل کرنے والے جوانوں کو مبارکبادپیش کی جبکہ وزیراعلیٰ نے کامیاب ٹریننگ کے انعقاد پر آئی جی پولیس ،کمانڈنٹ اے ٹی ایف ٹریننگ سکول اوران کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ،وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایلیٹ فورس کیلئے درکار مالی وسائل خاص طور سے چالیس فیصد خصوصی الاؤنس کی منظوری دے دی گئی ہے انہوں نے اس موقع پر ٹریننگ سکول کے اسٹاف کیلئے 20فیصد الاؤنس ،ٹریننگ اسٹاف کی 80اسامیوں اورٹریننگ سکول کیلئے ٹیوب ویل کا اعلان کیا۔

آئی جی پولیس احسن محبوب اورکمانڈنٹ اے ٹی ایف سکول کرنل اسد فاروق نے بھی تقریب سے خطاب کیا اورپولیس کی تربیتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔قبل ازیں تربیت مکمل کرنے والے ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے کمبیٹ ،جوڈو،دہشت گردوں سے نمٹنے اورجسمانی تربیت کے مظاہرے پیش کئے جنہیں بیحد سراہاگیا،وزیراعلیٰ نے اہلکاروں کو ونگز لگائے جبکہ اہلکاروں سے وفاداری کا حلف لیاگیا وزیراعلیٰ نے کامیاب اہلکاروں میں انعامات تقسیم کئے اورتربیت مکمل کرنے والوں نے مارچ پاسٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :