بھارت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر سیز فائر کی خلاف ورزی ،ایل او سی کے لیپہ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ ،لڑکا شہید ،4شہری زخمی ،پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی، 3 بھارتی فوجی ہلاک، متعدد زخمی ،3چیک پوسٹیں بھی تباہ

پاک فوج معصوم شہری آبادی کے ساتھ کھڑی ہے اوربھارتی جارحیت کا منہ توڑ اور موثر جواب دیتی رہے گی،آئی ایس پی آر

جمعہ 21 جولائی 2017 22:03

بھارت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر سیز فائر کی خلاف ورزی ،ایل او سی کے لیپہ ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جولائی2017ء) پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھاری نقصان اٹھانے کے باوجود بھارت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں سے بازنہ آیا او ر اس کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے،لیپہ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک لڑکا شہید جبکہ 4شہری زخمی ہوگئے، پاک فوج کی موثر جوابی کاروائی کے نتیجے میں 3بھارتی فوج ہلاک اور 3چیک پوسٹیں تباہ ہوگئیں ۔

جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لیپہ سیکٹر کے گائوں گھی کوٹ اور مندال میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جہاں لوگ نماز جمعہ کی تیاری کر رہے تھے۔بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک لڑکا شہید اور 4 شہری زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

پاک فوج نے اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا، جس سے 3 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ بھارت کی 3 چوکیاں بھی تباہ ہوگئیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج اپنی معصوم شہری آبادی کے ساتھ کھڑی ہے اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ اور موثر جواب دیتی رہے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک آرمی نے لائن آف کنٹرول کے دوسری طرف شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے بھارتی دعوے کو یکسر مسترد کردیا تھا۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فوج کی درخواست پر پاک ۔

بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر خصوصی رابطہ ہوا، جس میں بھارت کی طرف سے پاک فوج پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا۔پاکستان کے ڈی جی ایم او نے شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کے بھارتی الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ایک پیشہ ورانہ فوج ہے اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کو غیر اخلاقی عمل سمجھتی ہے۔بھارتی فوج نے ایل او سی کے سبز کورٹ، نیزا پیر اور کیانی سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی تھی، جس سے پاک فوج کے جوان سمیت 3 افراد شہید ہوئے تھے۔پاک فوج نے بھارت کی اس جارحیت کا بھرپور جواب دیا جس سے 5 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اور کئی چیک پوسٹیں تباہ کی گئیں۔