وفاقی وزراء چوہدری نثار کو منانے پنجاب ہائوس پہنچ گئے، طویل ملاقات

خواجہ سعد رفیق کی وزیر داخلہ سے ناراضگی ختم کر کے مشاورتی پارٹی اجلاسوں میں شرکت کی درخواست

جمعہ 21 جولائی 2017 21:57

وفاقی وزراء چوہدری نثار کو منانے پنجاب ہائوس پہنچ گئے، طویل ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2017ء) وزیرا عظم کی ہدایت پر وفاقی وزراء وزیر داخلہ چوہدری نثار کو منانے کے لئے پنجاب ہائوس پہنچ گئے ،تینوں رہنمائوں کے درمیان 3 گھنٹے سے زائد ملاقات جاری رہی،وفاقی وزراء نے چوہدری نثار کو اختلاف دور کرنے پارٹی اجلاسوں میں شمولیت کیلئے درخواست کی جس پر وزیر داخلہ نے کہا کہ میری کسی سے ناراضگی نہیں میرا موقف اصولی ہے جس پر قائم رہوں گا ۔

باوثوق ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں پاناما کیس کے فیصلہ محفوظ کے بعد وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق اور رانا تنویر حسین وزیر اعظم ہائوس سے پنجاب ہائوس پہنچے جہاں انہوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے طویل ملاقات کی ،تینوں رہنمائوں کے درمیان پاناما کیس سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ کیا گیا ،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس وقت پارٹی پر مشکل وقت گزر رہا ہے آپ اپنے اختلافات بھلا کر اپنا کردار ادا کریں ، اس وقت ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے ،انہوں نے چوہدری نثار سے درخواست کی کہ وہ مشاورتی اجلاس میں شرکت کریں آپ کے تحفظات ضرور دور کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ میرے کسی سے کوئی اختلافات نہیں ہیں میں کسی سے ناراض نہیں ہوں ،پارٹی میرا اثاثہ ہے،میری تمام تر خدمات بھی پارٹی ہی کے لئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ کچھ ایشوز پر میرا موقف اصولی ہے جس پر کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا ۔