دھرنا گروپ اور کرپشن زدہ سابق حکمران ایک ہی سکے کے دو رخ ، مخالفین کا گٹھ جوڑ عوام کی ترقی و خوشحالی کیخلاف ساز ش ہے‘ملک سے اندھیرے ہمیشہ کیلئے ختم کرنیوالی مخلص قیادت پر بہتان تراشی کرنیوالے پاکستان کے بدخواہ ہیں‘ سیاسی بازی گر قوم کے روشن مستقبل کے ساتھ کھیلنا بند کر دیں،جھوٹ کی سیاست کرنیوالے اپنے گریبان میں جھانکیں‘ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف

جمعہ 21 جولائی 2017 21:54

دھرنا گروپ اور کرپشن زدہ سابق حکمران ایک ہی سکے کے دو رخ ، مخالفین کا ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا بے مثال ترقیاتی پروگرام مخالفین کی نیندیں اڑا رہاہے‘ سیاسی مخالفین کی بار بار کی رکاوٹوں کے باوجود پاکستان توانائی بحران کے خاتمے کی جانب بڑھ رہاہے اور اندھیروں سے روشنیوں کا سفر تیزی سے طے کررہاہے‘ ملک سے اندھیرے ہمیشہ کیلئے ختم کرنے والی مخلص قیادت پر بہتان تراشی کرنے والے پاکستان کے بدخواہ ہیں‘ سیاست عوام کی خدمت اور مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا نام ہے‘ عوامی خدمت کی سیاست سے نابلد افراد ملک میں انارکی پھیلانے کی سازش کر رہے ہیں اور بدقسمتی سے یہ شکست خوردہ عناصر جس شاخ پر بیٹھے ہیں، اسے کاٹنے کی کوشش کر رہے ہیں‘ ملک کو سیاسی عدم استحکام سے دوچار کرنے میں ان عناصر نے کوئی کسر نہیں چھوڑی اوران کی جھوٹ، بہتان اور الزام تراشی کی سیاست نے ملک کا بے پناہ نقصان کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے باشعور عوام دھرنا پارٹی اور کرپشن زدہ سابق حکمرانوں کے تماشوں سے تنگ آ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

جھوٹ کے مصنوعی سہاروں پر بھروسہ کرنے والوں کی منفی سیاست کے دن گنے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو ملک کی خدمت کا موقع دیا ہے۔ عوام اچھی طرح جان چکے ہیں کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے کون مخلصانہ کاوشیں کر رہا ہے اور کون سازشیں عوام کی عدالت میں پہلے بھی سرخرو ہوئے ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے اور پاکستان کے عوام مکر و فریب کی سیاست کرنے والوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھرنا گروپ اور کرپشن زدہ سابق حکمران ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور ہمارے مخالفین کا گٹھ جوڑ عوام کی ترقی و خوشحالی کے خلاف ساز ش ہے۔وطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والے ملک وقوم کے خیرخواہ نہیں اور ان عناصر کو پاکستان کی تیز رفتار ترقی وخود مختاری سے زیادہ اپنا ذاتی مفاد عزیز ہے۔معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔

قومی معیشت کو دھرنوں کے ذریعے اربوں ڈالر کا نقصان پہنچانے والے عوام کے دشمن ہیں اور اب یہ عناصر نئی چال چل رہے ہیں اور پاکستان کی تیز رفتار ترقی سے پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 21برس سے پی ٹی آئی کے سربراہ کی سیاست مفاد پرستی، جھوٹ او رمنافقت پر مبنی رہی ہے۔قومی دولت لوٹنے والوں اور دھرنا گروپ نے ملک میں جھوٹ کا طوفان کھڑا کر رکھا ہے اور سیاسی رواداری ،اخلاقیات او رسچ سے ان کا دور تک کوئی واسطہ نہیں۔

ملک و قوم کی خاطر سیاسی بازی گر قوم کے روشن مستقبل کے ساتھ کھیلنا بند کر دیں ۔ شہبازشریف نے کہا کہ اپنے دور میں توانائی بحران کے خاتمے پر توجہ نہ دینے والوں کو اب لوڈشیڈنگ ختم ہونے پر اپنی بچی کھچی سیاست بھی ڈوبتی نظر آ رہی ہے۔سابق حکمرانوں کی کرپشن کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بری طرح متاثر ہوا تھا۔ہوس زر میں مبتلا سابق حکمرانو ںکی کرپشن او رلوٹ مار کا دور پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا جب 20، 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اور آج ان سیاستدانوں کا واویلا چور مچائے شور کے مترادف ہے کیونکہ ماضی کے ان حکمرانوں نے اپنے دور میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹ کر کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے جبکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کے دور میں ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کی نئی مثال قائم کی گئی ہے اور موجودہ حکومت کا 4 سالہ دور پاکستان کی تاریخ کا شفاف ترین دور ہے۔

ہمارے کسی منصوبے میں ایک پائی کی بھی کرپشن کا الزام نہیں۔ جھوٹ کی سیاست کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ 2018 کے عام انتخابات میں عوام خوشحالی کے مخالفین اور ملک کی ترقی کے سفر کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کرنے والوں کی منفی سیاست کا جنازہ نکال دیں گے اور ملک کی بدلتی ہوئی تقدیر سے کھیلنے کی کوشش کرنے والوں کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے۔