وفاق کے معاندانہ رویے اور چھوٹے صوبوں کوان کے جائز حقوق نہ دینے کی وجہ سے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے،سکندرشیرپائو

جمعہ 21 جولائی 2017 21:25

وفاق کے معاندانہ رویے اور چھوٹے صوبوں کوان کے جائز حقوق نہ دینے کی وجہ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2017ء) سینئر صوبائی وزیر اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ وفاق کے معاندانہ رویے اور چھوٹے صوبوں کوان کے جائز حقوق نہ دینے کی وجہ سے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے لہٰذا فیڈریشن کو مضبوط بنانے کیلئے تمام اکائیوں کی احساس محرومیوں کا ازالہ از حد ضروری ہے جبکہ چھوٹے صوبوں کو ان کے جائز حقوق اور وسائل منصفانہ طریقے سے فراہم کئے جائیں ۔

انھوں نے کہا کہ ملک کی تمام اکائیوں کے ساتھ مرکز کی جانب سے یکساں رویہ رکھنے سے نہ صرف وفاق مضبوط ہوگا بلکہ ملک میں جمہوری نظام بھی صحیح معنوں میں آگے کی طرف بڑھے گا ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے فقیر کلے یونین کو نسل پجگی ضلع پشاور میں ایک بڑے شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنوں حاجی منیر خان،سالم خان،کفایت خان ،حاجی جان گل خان،خانزادہ خان،ملک سلیمان،فرہاد علی،قاسم خان اور عزیز خان نے اپنے خاندانوں اورسینکڑوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائو نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو قدرت نے بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ یہاں کے غریب عوام سوئی گیس،بجلی اور تیل اور دیگر وسائل کے ہوتے ہوئے بھی محرومیوں اور مسائل کا شکار ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کررہا ہے تاہم یہاں پر گھنٹوںگھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے اور صوبے کے بجلی کے وسائل سے یہاں کے پختون محروم ہیں جس کی وجہ سے صوبہ کے عوام بے چینی اور محرومی کا شکار ہیں۔

انھوں نے مرکز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وسائل کی تقسیم میں خیبر پختونخوا کو پورا حصہ دیا جائے کیونکہ یہاں کے عوام کوغربت،بے روزگاری اور دہشت گردی جیسے مسائل کا سامنا ہے اس لئے صوبہ کو وفاق کی طرف سے زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔سکندر شیرپائو نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پختونوں کا دیرینہ مطالبہ ہے اور صوبہ کے عوام اس مطالبہ کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے کے منتظر ہیں لہٰذا وفاقی حکومت اس ضمن میں تاخیری حربوں سے گریز کرتے ہوئے فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کرے۔

انھوں نے کہا کہ خطے کے پختونوں اور صوبہ کے عوام کی بلا امتیاز خدمت کا جو بیڑہ قومی وطن پارٹی نے اٹھایا ہے یہ سفر کامیابی کی طرف جاری رہے گا اور ہماری جماعت کسی بھی مشکل میں پختونوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔انھوں نے کہا کہ ہماری سیاست اور قول و فعل میں تضاد نہیں اور یہی وجہ ہے کہ پختونوں کی تمام امیدیں قومی وطن پارٹی سے وابستہ ہیں۔جلسہ سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر، ضلع پشاور کے چیئرمین حاجی محمد شفیع دائود زئی،جنرل سیکرٹری حاجی سیف اللہ خان اور امجد علی مہمند نے بھی خطاب کیا۔