وزیراعظم ،کرپشن کو شکست ہو گئی، نواز شریف کشتی کا اصول یاد رکھیں ہارے پہلوان کے کپڑے اٹھانے والا بھی کوئی نہیں ہوتا‘محمود الرشید

قوم کرپٹ حکمرانوں کے مکروہ چہرے دیکھ چکی ہے آئندہ انتخابات میں جیت تو دور مسلم لیگ (ن) کو امیدوار بھی نہیں ملیں گے‘صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 21 جولائی 2017 21:23

وزیراعظم ،کرپشن کو شکست ہو گئی، نواز شریف کشتی کا اصول یاد رکھیں ہارے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2017ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ وزیراعظم اور کرپشن کو شکست ہو گئی، نواز شریف کشتی کا اصول یاد رکھیں ہارے پہلوان کے کپڑے اٹھانے والا بھی کوئی نہیں ہوتا، قوم کرپٹ حکمرانوں کے مکروہ چہرے دیکھ چکی ہے آئندہ انتخابات میں جیت تو دور مسلم لیگ ن کو امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ نواز شریف کیلئے یہی بہتر ہوگا وہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے ہی مستعفی ہوجائیں، جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ میں شریف خاندان کو اپنی بھر پور صفائی کا موقعہ ملا مگر انکے پاس کوئی ثبوت ہوتا تو وہ ضرور سامنے لاتا، قوم نے ڈیڑھ سال تک برداشت کیا لیکن وزیراعظم اور انکا خاندان آئیں بائیں شائیں کرتا رہا لیکن منی ٹر یل دے سکا اور نہ ہی منی لانڈرنگ، کرپشن کے الزامات کو غلط ثابت کر سکا۔

(جاری ہے)

ن لیگ میں اختلافات سے متعلق سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ درحقیقت مسلم لیگ ن آمریت کی پیداوار ہے، نواز شریف ایک سول ڈکٹیٹر ہیں پارٹی میں اصولی بات کرنے کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے جب کہ خوشامدی بات کرنے والے کو عزت بخشی جاتی ہے یہی ایک نقطہ نواز شریف کو بربادی کی طرف لے آیا ہے، چودھری نثار ہی نہیں پا نامہ فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کی اہم شخصیات بھی خود کو نواز شریف سے علیحدہ کر لیں گی، پانا مہ کیس میں وزیراعظم اور کرپشن کو شکست ہو گئی، نواز شریف کشتی کھیلتے رہیں ہیں یہ بھی یاد رکھیں ہارے پہلوان کے کپڑے اٹھانے والا بھی کوئی نہیں ہوتا ن لیگ کا آئندہ انتخابات جیتنا تو دور اسے امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔