جے آئی ٹی شریف خاندان کے خلاف ناقابل تردید ثبوت سامنے لے آئی ہے،شاہ محمود قریشی

شریف خاندان ان میں سے کسی کو بھی جھٹلانے میں کامیاب نہیں ہوا ہے لہذا نوشتہ دیوار واضح ہے اور بدعنوان حکمرانوں کی رخصتی اب کچھ ہی دنوں کی بات ہے،تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کی وفد سے گفتگو

جمعہ 21 جولائی 2017 21:06

جے آئی ٹی شریف خاندان کے خلاف ناقابل تردید ثبوت سامنے لے آئی ہے،شاہ ..
چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے پانامہ پیپرز پر فیصلہ محفوظ کردیا ہے جے آئی ٹی شریف خاندان کے خلاف ناقابل تردید ثبوت سامنے لے آئی ہے اور شریف خاندان ان میں سے کسی کو بھی جھٹلانے میں کامیاب نہیں ہوا ہے لہذا نوشتہ دیوار واضح ہے اور بدعنوان حکمرانوں کی رخصتی اب کچھ ہی دنوں کی بات ہے، وہ پاکستان تحریک انصاف ضلع چکوال کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد علی خان کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر چوہدری تیمور علی خان ایڈووکیٹ، چوہدری اسرار علی خان اور چوہدری قاسم علی خان بھی موجود تھے، چوہدری تیمور علی خان نے مخدوم شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ ضلع چکوال میں پی ٹی آئی دن بدن مضبوط ہورہی ہے اور سرکردہ شخصیات پارٹی میں شمولیت اختیار کررہی ہیں، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے بدعنوانی کے آگے بند باندھا جاسکے گا اور کرپشن کے خاتمے سے ملک میں خوشحالی آئے گی، انہوںنے کہا کہ پارٹی کارکن آنیوالے عام انتخابات کی تیاری کریں۔