وزیراعظم کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس

پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے آنیوالے کسی بھی فیصلے کو تسلیم کرنے پر اتفاق، وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ مسترد فیصلہ خلاف آنے کی صورت میں تمام قانونی و آئینی آپشنز استعمال کرنے کا بھی فیصلہ وزیر داخلہ چوہدری نثار اجلاس میں شریک نہیں تھے اقتدار کے بھوکے 2018 ء کے الیکشن کی تیاری کریں، کارکردگی پر عوام آئندہ بھی ہمیں ووٹ دیں گے بعض عناصر کو سی پیک اور ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی،نوازشریف

جمعہ 21 جولائی 2017 20:31

وزیراعظم  کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس میں پانامہ کیس پر سپریم کورٹ کے آنے والے کسی بھی فیصلے کو تسلیم کرنے پر اتفاق کیا گیا تاہم فیصلہ خلاف آنے کی صورت میں تمام قانونی و آئینی آپشنز استعمال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اجلاس میں شریک نہیں تھے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ کیجانب سے پانامہ کیس کا فیصلہ محفوظ کئے جانے کے بعد وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس مین وفاقی وزراء ‘ مشیروں سمیت وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کی قانونی ٹیم نے شرکاء کو سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت اور ممکنہ فیصلے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور مشاورت بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانامہ معاملے پر سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی اسے قبول کیا جائے گا اور ممکنہ طور پر حکومت مخالف فیصلہ آنے کی صورت میں تمام قانون و آئینی آپشنز استعمال کئے جائین گے لیکن محاذ آرائی سپریم کورٹ کے ساتھ کسی صورت نہیں کی جائے گی اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کسی ایسی روایت کو قائم کرنے کے حق میں نہیں جس سے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کی بے توقیری ہو۔

اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے استعفیٰ کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے تمام شرکاء نے کہا کہ نواز شریف ہی وزیراعظم ہیں انہیں عوام اور پارٹی کی مکمل تائید حاصل ہے اور تمام اتحادی آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اجلاس میں وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگ چور دروازے سے اقتدار میں آنے کا خواب دیکھ رہے ہیں اقتدار کے بھوکے 2018 ء کے الیکشن کی تیاری کریں کارکردگی پر عوام آئندہ بھی ہمیں ووٹ دیں گے بعض عناصر کو سی پیک اور ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔

واضح رہے چوہدری نثار علی خان پچھلے اجلاسوں کی طرح اس اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے چوہدری نثار علی خان کے لیگی عہدیداروں کے بارے پانامہ کیس کو صحیح طریقے سے ہینڈل نہ کرنے پر تحفظات بھی ہیں اور وہ اپنے جذبات سے اس سے قبل وزیراعظم کو آگاہ بھی کر چکے ہیں میڈیا رپورٹس کے مطابق چوہدری نثار اتوار کے روز اہم پریس کانفرنس کریں گے۔