مسجد اقصی میں اذان اور نماز کی ادائیگی پر پابندی عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہی:ذکرا للہ مجاہد

ناپاک صہیونی طاقتیں عالمی قوانین اور مذہبی آزادی کے منافی اقدامات کررہی ہیںجن کی بھر پور مذمت کرتے ہیں

جمعہ 21 جولائی 2017 20:26

مسجد اقصی میں اذان اور نماز کی ادائیگی پر پابندی عالم اسلام کیلئے لمحہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے اسرائیلی حکومت کی طرف سے مسجد اقصی میں نماز اور اذان پر پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبلہ اول میں اذان اورنماز پر پابندی عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ مسجداقصی کی بندش کوئی معمولی واقعہ نہیں جسے نظر انداز کردیا جائے ۔

اسرائیلی حکومت خاص منصوبے کے تحت حرم قدسی پر اپنے پنجے مضبوط کررہی ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کے ساتھ کھیل رہی ہے ۔ ناپاک صہویونی طاقتیں عالمی قوانین اور مذہبی آزادی کے منافی اقدامات کر رہی ہیں ۔ اسرائیلی کفار نے کسی عام مقام کو بند نہیں کیا بلکہ قبلہ اول جو دنیا میں مسلمانوں کا تیسرا مقدس ترین مقام ہے کو بند کیا ہے جس کی جماعت اسلامی بھر پور مذمت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 1967ء کے بعدجب سے اسرائیل نے القدس پر قبضہ کیا ہے یہ پہلا موقع ہے جب قبلہ اول میں اذان دینے اور نماز ادا کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ اسلامی ممالک کے سربراہان اور عالمی برادری فلسطین میں تمام اسلامی مقدس مقامات بالخصوص مسجد اقصی کے دفاع کیلئے موثر لائحہ عمل اختیار کرے اور اسرائیل کو فلسطینی قوم کے خلاف جاری نسل کشی جیسے اقدامات سے سختی سے روکے ۔

بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی سربراہان مملکت امریکہ اسرائیل گٹھ جوڑ منصوبہ بندی کے خلاف اقدامات اٹھائیں تاکہ فلسطینیوں پر جاری مظالم اور اور فلسطین پر اسرائیل کے ناجائز قبضے کے خلاف متحدہ لائحہ عمل کے تحت آواز اُٹھائی جا سکے خاص کر مسلم ممالک کے لیڈر شپ کو اس معاملے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے ۔