پانامہ عملدرآمد کیس کی آخری سماعت، شیخ رشید کے چٹکلوں سے بھرپور دلائل ، کمرہ عدالت کا ماحول خوشگوار ہوگیا

دلچسپ دلائل سے کمرہ عدالت ججز اور ن لیگ رہنمائوں کے قہقوں سے گونج اٹھا سماعت کے بعد بھی عدالت میں ہر طرف شیخ رشید کے چرچے ،خصوصاً انکی جانب سے صادق اور امین کے حوالے سے دی گئی دلیل خوب موضوع بحث رہی

جمعہ 21 جولائی 2017 20:22

پانامہ عملدرآمد کیس کی آخری سماعت، شیخ رشید کے چٹکلوں سے بھرپور دلائل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2017ء) پانامہ عملدرآمد کیس کی آخری سماعت پر سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کے چٹکلوں سے بھرپور دلائل نے کمرہ عدالت کا ماحول خوشگوار کردیا ، دلچسپ دلائل سے کمرہ عدالت ججز اور ن لیگ رہنمائوں کے قہقوں سے گونج اٹھا جبکہ کیس کی سماعت کے بعد بھی عدالت میں ہر طرف شیخ رشید کے چرچے رہے اور خصوصاً انکی جانب سے صادق اور امین کے حوالے سے دی گئی دلیل خوب موضوع بحث رہی ، شیخ رشید نے اپنے دلیل میں کہا کہ سربراہان مملکت کے صادق اور امین ہونے کا تصور آفاقی ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ لاہور میں صادق اور اسلام آباد میںامین ہو ،وزیراعظم نے تو دبئی والوں کو بھی چونا لگایا، اقامہ لیتے وقت دبئی والوں کو نہیں بتایا کہ میں پاکستان کا وزیراعظم ہوں،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیدکا سپریم کورٹ میں اپنے دلائل میںکہنا تھاکہ پہلی دفعہ کیس کے لیے عظیم ججز کے سامنے پیش ہواہوں، جے آئی ٹی کے سپر سکس نے ثابت کر دیا کہ پاکستان رہنے کے قابل ملک ہے، قوموں کی تقدیر بدلنے کے لیے ایسے ہی افراد کا انتخاب کیا جاتا ہے، عدالت نے قطری کی سرمایہ کاری کا پوچھا لیکن جواب نہ آیا، شریف خاندان نے 13 سوالوں کے جواب بھی نہ دیئے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر مٹھائیاں بانٹی گئیں، لگتا ہے میری طرح ان کی انگریزی بھی کمزور ہے، جے آئی ٹی والوں کو وزیر اعظم نے کل اپنی تقریر میں دھمکایا ہے، وزیراعظم نے کل جے آئی ٹی کے بارے میں الفاظ استعمال کر کے عدالت کی توہین کی ،شیخ رشید نے اپنے جواب میں کہا کہ سربراہان مملکت کے صادق اور امین ہونے کا تصور آفاقی ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ لاہور میں صادق اور اسلام آباد میں کرپٹ ہوں، جس کی طرف دیکھو بے نامی دار ہیں، شریف فیملی پاناما سے اقامہ تک پہنچ گئی، وزیراعظم نے تو دبئی والوں کو بھی چونا لگایا، اکامہ لیتے وقت دبئی والوں کو نہیں بتایا کہ میں پاکستان کا وزیراعظم ہوں، آج ڈبہ لے آئے ہیں میں تو ایسے ڈبے میں چندہ ڈالتا ہوں، منی ٹریل مانگ مانگ کرعدالت تھک گئی، یہاں تک کہا گیا لاؤ منی ٹریل، کلین چٹ دے دیں، اگر ان کو اکامے پسند ہیں تو وہاں چلے جائیں، ہماری جان چھوڑدیں، وزیراعظم دوبئی میں مارکیٹنگ مینیجر ہیں، لگتا ہے قطری کو بھی خط ڈالنے کی عادت ہو گئی ہے، میرا کیس 62,63 کا ہے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ قطری خط نکال دیں تو ان کے پاس رہ کیا جاتا ہے، میں نمازوں میں دعا مانگتا ہوں یا اللہ شیخ عظمت سعید بیمار نہ ہو جائیں، نواز شریف نے اپنے بچوں کے بیانات تسلیم کر کے اچھی بات کی ہم کوئی بھکاری ملک نہیں۔ نواز شریف پر منی لا نڈرنگ، کسٹم ایکٹ، فارن ایکسچینج ایکٹ اور امپورٹ ایکسپورٹ کنٹرول ایکٹ لگایا جائے جس پر جسٹس عظمت نے استفسار کیا کہ شیخ رشید صاحب آپ کہیں موٹر وہیکل ایکٹ نہ لگا دیں