فالج جیسے موذی اور پیچیدہ امراض سے متعلق عوامی آگاہی کیلئے سرکاری و فلاحی ادارے باہمی تعاون سے ضروری اقدامات کریں ، علاج کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کاوشوں میں بھی وسعت پیدا کی جائے

صدر مملکت ممنون حسین کا ورلڈ برین ڈے کے موقع پر پیغام

جمعہ 21 جولائی 2017 20:16

فالج جیسے موذی اور پیچیدہ امراض سے متعلق عوامی آگاہی کیلئے سرکاری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ فالج جیسے موذی اور پیچیدہ امراض سے متعلق عوامی آگاہی کیلئے سرکاری و فلاحی ادارے باہمی تعاون سے ضروری اقدامات کریں اور علاج کی زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں بھی وسعت پیدا کی جائے۔ انہوں نے یہ بات ورلڈ برین ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) ہفتہ 22 جولائی کو منایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جب دنیا کا ہر چھٹا شخص فالج جیسے موذی اور پیچیدہ مرض سے متاثر ہو رہا ہے تو ضروری ہو گیا ہے کہ عوام میں اس سے متعلق شعور اجاگر کیا جائے تاکہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے خود کو ان امراض سے محفوظ رکھ سکیں۔ بنی نوع انسان کو پیچیدہ امراض اور ان سے بچائو سے آگاہی کی ایسی تمام کاوشیں انسانی خدمت کے زمرے میں آتی ہیں۔

(جاری ہے)

اموات اور معذوری کا سبب بننے والے اس طرح کے بیشتر امراض قابلِ علاج ہیں جن پر احتیاطی تدابیر اختیار کر کے قابو پایا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ اس مرض کا سبب بننے والی عادات خصوصاً تمباکو نوشی اور اس جیسی دیگر قبیح عادات سے گریز کرکے صحت مند طرزِ زندگی اختیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ متعلقہ سرکاری ادارے ملک میں کام کرنے والے فلاحی اداروں کے تعاون سے نہ صرف عوامی آگہی کیلئے تمام ضروری اقدامات کر یں بلکہ علاج کی زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں وسعت بھی پیدا کی جائے۔ اس سلسلہ میں ورلڈ فیڈریشن آف نیورولوجی اور ورلڈاسٹروک آرگنائزیشن کی کاوشیں قابلِ قدر ہیں۔

متعلقہ عنوان :