وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے،کنول نعمان

جمعہ 21 جولائی 2017 19:26

وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے،کنول نعمان
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2017ء) رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین وویمن کاکس پنجاب کنول نعمان نے کہا ہے کہ ملک وزیراعظم نواز شریف اور خادم اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے، عسکری قیادت کی معاونت سے ملک کوامن کا گہوارہ بنایا جارہا ہے‘عوام ملکی ترقی کے دشمنوں کو کسی صورت پاکستان میں عدم استحکام اور انتشار پھیلانے نہیں دے گی‘ قوم نے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کو مینڈیٹ دیا ہے لہذا اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم نواز شریف کے استعفی کا مطالبہ عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔

انہوں نے یہ بات ڈی جی پی آر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہی۔ مسلم لیگی رہنما خواتین ، ڈسٹرکٹ ممبرعمرانہ طاہر، صدر مسلم لیگ پی پی 125زوبیہ نعیم اور مسز راحت ایاز اس موقع پر ان کے ہمراہ تھیں۔

(جاری ہے)

کنول نعمان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں گزشتہ چار سال میں ملک تمام شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کی منازل تیزی سے طے کررہا ہے ، لوڈشیڈنگ میں خاطرخواہ کمی واقع ہوئی ہے ، غیرملکی سرمایہ کار وں نے پاکستان کا رخ کیا ہے‘دہشت گردی میں کمی آئی ہے، پاورپلانٹس نے بجلی کی پیداوارکا آغاز کیا ہے ، صحت، تعلیم، زراعت ، صنعت و تجارت سمیت تمام شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں عوام تحریک انصاف کی خراب کارکردگی اورمالی بے قائدگیوں کی وجہ سے شرمندی کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ کا بے حد احترام کرتی ہے اور امید رکھتی ہے کہ عدلیہ کا فیصلہ عوام کی امنگوں اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے اس موقع پر صوبہ پنجاب میں مختلف شعبوں میں ہونے والی ترقی سے میڈیا کے نمائندوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے گزشتہ چار سال میں کوئی بھی لمحہ ضائع کئے بغیر توانائی بحران کے خاتمے کے لئے بھرپور جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں عمران خان کے پاس کارکردگی کے حوالے سے دکھانے کو کچھ نہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے پاناما کا سہارا لے کر چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنے کے لئے سازشیں شروع کردیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدلیہ کا فیصلہ عوامی مینڈیٹ کے مطابق ہوگا۔ میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاناما کی آڑ میں ایک بہترین قیادت کو چور بنانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے ، سپریم کورٹ اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے ، صرف ایک خاندان ہی نہیں حقیقی احتساب کے لئے ہرشعبے کی بڑی مچھلیوں کو پکڑا جائے جو منتخب ہونے کے بعد بھی آئین و قانون کی پابندی کی روادار نہیں۔

متعلقہ عنوان :