پاناما کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے کسی بھی فیصلے کو تسلیم کیا جائے گا ،ْوزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

عدالتی فیصلہ خلاف آنے کی صورت میں کسی بھی قسم کی محاذ آرائی نہیں کی جائیگی ،ْ تمام قانونی و آئینی آپشنز استعمال کئے جائینگے ،ْ نجی ٹی وی

جمعہ 21 جولائی 2017 18:59

پاناما کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے کسی بھی فیصلے کو تسلیم کیا جائے گا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2017ء) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاناما کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے کسی بھی فیصلے کو تسلیم کیا جائے گا۔ جمعہ کو سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ کئے جانے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ کے کسی بھی فیصلے کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور شرکا ء نے کہا کہ کوئی ایسی روایت قائم کرنے کے حق میں نہیں جس سے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کی بے توقیری ہو۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عدالتی فیصلہ خلاف آنے کی صورت میں کسی بھی قسم کی محاذ آرائی نہیں کی جائے گی اور تمام قانونی و آئینی آپشنز استعمال کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ پر پورا اعتماد ہے ،ْعدالت کے سامنے سر تسلیم خم کیا اور عدالت سے بہتر فیصلے کی توقع ہے۔ ذرائع کے مطابق شرکا ء نے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم منتخب وزیراعظم ہیں اور انہیں عوام و پارٹی کی مکمل تائید حاصل ہے جبکہ تمام اتحادی وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء اور مشیر شریک تھے تاہم وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اجلاس میں شریک نہیں ہوئے دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی اجلاس میں شرکت کے لیے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچے۔