مخالفین کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا،امید ہے عدالت سے سرخرو ہوں گے،محمد نوازشریف

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، قانونی ماہرین کی فیصلے سے متعلق کامیابی کی خوشخبری،فیصلہ حق میں آئے گا،شہبازشریف کوچوہدری نثارکومنانے کاٹاسک،اقتدار کے بھوکے 2018ء کے الیکشن کی تیاری کریں،بعض عناصر کوسی پیک اور ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔وزیراعظم نوازشریف کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 21 جولائی 2017 18:00

مخالفین کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا،امید ہے عدالت سے سرخرو ہوں گے،محمد ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21جولائی 2017ء ) : وزیرعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ مخالفین کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا،امیدہے عدالت سے سرخرو ہوں گے،اقتدار کے بھوکے 2018ء کے الیکشن کی تیاری کریں،عوام آئندہ بھی کارکردگی کی بنیادپر ہمیں ووٹ دیں گے،بعض عناصر کوسی پیک اور ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔وہ آج وزیراعظم ہاؤ س میں اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، وفاقی وزراء ، قانونی مشیروں اور معاونین نے شرکت کی۔ اجلاس میں قانونی ماہرین نے وزیراعظم نوازشریف کوسپریم کورٹ کے ممکنہ فیصلے پربریفنگ دی۔اس موقعہ پر اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف کوقانونی ماہرین نے کامیابی کی نوید سناتے ہوئے کہاکہ بڑا خطرہ ٹل چکا،انشاء اللہ فیصلہ ہمارے حق میں ہی آئے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اتفاق کیاگیاکہ جمہوری عمل جاری رہے گاا ور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ تاہم نااہلی کی صورت میں ان ہاؤس تبدیلی لائی جائے گی۔آج کے اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف کے استعفیٰ کاآپشن زیرغورنہیں آیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف پارٹی اجلاس کے بعد حکومتی اتحادیوں سے بھی عدالت کے ممکنہ فیصلے پرمشاورت کرینگے اور ن لیگ کی آئندہ کی حکمت عملی پراعتماد میں لیں گے۔

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار پنجاب ہاؤس میں موجود رہے لیکن وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے ۔واضح رہے آج سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی رپورٹ پرپاناماکیس کی پانچویں سماعت ہوئی۔ جس کے ساتھ ہی عدالت نے کیس کافیصلہ محفوظ کرلیاہے۔ اجلاس سے قبل وزیراعظم نوازشریف نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور حکومتی اتحادی محمود اچکزئی سے بھی الگ الگ ملاقات کی۔

محمود اچکزئی سے ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور بلوچستان میں جاری ترقیاتی کاموں پرتبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعظم نے محمود اچکزئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کا احترام کیا جائے گا۔امید ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے میں انصاف ہوگا۔محمود اچکزئی نے یقین دلایاکہ ہمیں آپ پرپورااعتماد ہے۔حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔