پی ٹی آئی کی جدوجہد نے کرپٹ حکمرانوں کے چہروں سے کرپشن کے نقاب اتار پھینکے‘عبدالعلیم خان

5دنوں میں ہر روز نیا جھوٹ سامنے آیا ،کرپٹ حکمران اپنے انجام سے بچ نہیں سکیں گے‘صدرتحریک انصاف سنٹرل پنجاب

جمعہ 21 جولائی 2017 18:25

پی ٹی آئی کی جدوجہد نے کرپٹ حکمرانوں کے چہروں سے کرپشن کے نقاب اتار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی انتھک جہدوجہد نے قوم کو محترم اور مجرم کا فرق بتادیاہے اور پی ٹی آئی کی اس تحریک نے کرپٹ حکمرانوں کے چہروں سے کرپشن کے نقاب اتار پھینکے ہیں اور وکیلوں اور دلیلوں کی لائن لگانے کے باوجود نواز خاندان کی کرپشن کا پردہ مکمل طور پر چاک ہوچکاہے، ملکی وسائل لوٹ کر اپنی تجوریاں بھرنے والے عوام کی نظروں میں گر چکے ہیں جنہوں نے اپنا لوٹا ہوا مال بچانے کیلئے ہر جتن کیا لیکن اب بھی سپریم کورٹ میں ہونے والی حتمی سماعت کے دوران 5دنوں میں ہر روز ایک نیا جھوٹ سامنے آیا ۔

عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہر دور اقتدار میں قومی اداروں کی فروخت،منصوبوں میں کمیشن خوری کرکے بیرون ملک بے نامی جائیدادیں بنانے والے نوازخاندان نے ہمیشہ شرافت کا لبادہ اوڑھ کر عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا، اداروں سے محاذ آرائی کرتے ہوئے اپنی مظلومیت کا ڈھنڈورا پیٹ کرعوام کی نظروں میں دھول جھونکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب یہ کرپٹ حکمران اپنے انجام سے ہر گز بچ نہیں سکیں گے جو مجرمانہ سرگرمیوں کے باوجود محترم بنے رہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری خزانے سے فیسیں لینے والے وکیلوں کی جھوٹی دستاویزات کی حقیقت جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ میں کھل چکی ہے،نواز خاندان کی وزارت کرپشن کے معاون خصوصی اسحاق ڈار کے اثاثے 9 سے 837ملین تک پہنچنے پر سپریم کورٹ کے سوال کا گزشتہ روز بھی کوئی جواب نہیں ملاجو بڑی معصومیت سے اپنی نیک نامی کے گن گا رہے تھے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں قوم کے سیاسی اور سماجی مستقبل کا فیصلہ محفوظ ہوا ہے،خود کو اب تک آئین اور قانون سے ماورا سمجھنے والے حکمرانوں کو اب انشاء اللہ سزائیں مل گئیں تو آئندہ کیلیے مثال قائم ہوگی کہ انصاف کے ایوانوں میں چھوٹے بڑے،امیر غریب سب برابر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف قوم ملک سے کرپشن ختم کرنے کیلئے ایک اہم سنگ میل عبور کرنے کی منتظر ہے تو دوسری جانب نواز لیگ نے گلو بٹوں کو متحرک کرنا شروع کردیا ہے،انصاف کو قبول کرنے کے بجائے انتشار کو ہوا دینے کی کوشش کی جائے گی لیکن ان کی شرانگیزی عوامی جشن میں دب کر رہ جائے گی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ سے تنگ آئے لوگ نہ صرف نواز شریف کی نااہلی بلکہ کرپشن کی کمائی سے مزے لوٹنے والے ہر حواری اور درباری کو بھی جیلوں میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :