سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا

گارنٹی دیتے ہیں وزیر اعظم کی نااہلی پر غور کیا جائیگا، سپریم کورٹ عدالت نے جے آئی ٹی تحقیقاتی رپورٹ والیم10 کھول دیا نیلسن اور نیسکول ٹرسٹ ڈیڈ کی جعلی دستاویزات دینے کی نیت نہیں تھی،غلطی اکرم شیخ سے ان کے چیمبر میں ہوئی ، یہ صرف ایک کلریکل غلطی تھی ، لندن میں بہت سے سولیسٹر ہفتہ بلکہ اتوار کو بھی کھلتے ہیں،وکیل سلمان اکرم راجا کے دلائل مکمل وزیر اعظم صادق اور امین نہیں رہے نا اہل قرار دیا جائے، نعیم بخاری،شیخ رشید ،توفیق آصف کی سپریم کورٹ سے استدعا عدالت فریقین کے حقوق کا خیال رکھے گی، جے آئی ٹی کی فائنڈنگز عدالت پر لازم نہیں ہیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ، ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کریں گے ، نیب کے وکیل چوہدری اکبر تارڑ کی عدالت کو یقین دہانی

جمعہ 21 جولائی 2017 18:03

سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2017ء) سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے معاملے پر غور کی گرنٹی دیتے ہیں پانامہ عمل در آمد کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے عدالت نے قرار دیا ہے کہ لندن فلیٹس کی منی ٹریل ایک سال سے نہ دینے کے خطرناک اثرات وزیراعظم نواز شریف پر ہوں گے ،عدالت وزیراعظم کی آمین اور صادق ہونے کے بارے میں باریک بینی سے جائزہ لے کر مقدمے کا فیصلہ سنائے گی، دوران سماعت جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کا جائزہ لے رہے ہیں ، مریم نواز کی کمپنیوں کا بینیفیشل مالک ہونا کیپٹن صفدر کے گوشواروں میں ظاہر نہیں ہوتا، اگر عدالت اس نتیجے پر پہنچی کہ گوشواروں میں ملکیت کاذکر نہیں تو عوامی نمائندگی ایکٹ لاگو ہو گا جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے ہیں کہ گارنٹی دیتے ہیں وزیراعظم کی نااہلی کے معاملے کا جائزہ لیں گے دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ جس چیز کی آئین اور قانون نے اجازت نہیں دی وہ نہیں کریں گے، انصاف کے تقاضے پورے کرنا تھے اسی لیے کیس کو روزانہ سنا، اسحاق ڈار کے اثاثوں میں 800 ملین کا اضافہ ہوا، اسحاق ڈار نے بیٹے کو کمپنی ہل میٹل کے فنڈز دئیے، بیٹے نے وہی رقم باپ کو تحفے میں بھیج دی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت نیب نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایک ہفتے میں حدیبیہ پیپر مل کیس ری اوپن کرنے کے لیے اپیل دائر کردیں گے ۔ جمعہ کو جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کے 3 رکنی خصوصی بینچ نے پاناما عمل درآمد کیس کی سماعت کی ۔سماعت کے دوران وزیراعظم کے بچوں کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ گزشتہ روز کی سماعت میں نیلسن اور نیسکول کے ٹرسٹ ڈیڈ پربات ہوئی تھی، عدالت کے ریمارکس تھے کہ بادی النظرمیں یہ جعلسازی کا کیس ہے اور اسی حوالے سے میں نے کہا تھا اس کی وضاحت ہوگی جس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو ہم بھی دیکھ سکتے ہیں کہ دستخط کیسے مختلف ہیں اس پر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اکرم شیخ نے کہا ہے کہ غلطی سے یہ صفحات لگ گئے تھے، یہ صرف ایک کلریکل غلطی تھی جو ان کے چیمبر سے ہوئی، کسی بھی صورت میں جعلی دستاویز دینے کی نیت نہیں تھی، ماہرین نے غلطی والی دستاویزات کا جائزہ لیا جس پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ مسئلہ صرف فونٹ کا رہ گیا ہے، جس پر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ دوسرا معاملہ چھٹی کے روز نوٹری کی تصدیق کا ہے، لندن میں بہت سے سولیسٹر ہفتہ بلکہ اتوار کو بھی کھلتے ہیں جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ حسین نواز سے پوچھا گیا کہ چھٹی کے روز ملاقات ہوسکتی ہے تو انہوں نے کہا تھا کہ چھٹی کے روز اپائنٹمنٹ نہیں ہوسکتی جس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عام سوال کیا جائے تو جواب مختلف ہوگا مخصوص سوال نہیں کیا گیا،دوران سماعت عدالت عظمیٰ نے جے آئی ٹی رپورٹ کاوالیم 10 بھی منگوا لیااور جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ دسویں جلد میں جے آئی ٹی کے خطوط کی تفصیل ہوگی اور دسویں جلد سے بہت سی چیزیں واضح ہوجائیں گی جس کے بعد جے آئی ٹی رپورٹ کا سربمہر والیم 10 عدالت میں پیش کردیا گیا، والیم 10 کی سیل عدالت میں کھول دی گئی اورعدالت نے والیم 10 کا جائزہ بھی لیا جبکہ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس میں کہا کہ خواجہ صاحب یہ والیم آپ کی درخواست پر کھولا جارہا ہے دوران سماعت عدالت نے خواجہ حارث کو والیم 10 کی مخصوص دستاویز پڑھنے کو دے دی تاہم عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ابھی والیم 10 کسی کو نہیں دکھائیں گے ،جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ کیا دستاویزات میں متعلقہ نوٹری پبلک کی تفصیل ہے جس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ حسین نواز کا اکثر سولیسٹر سے رابطہ رہتا ہے اس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ حسین نواز نے نہیں کہا کہ ان کا رابطہ سولیسٹر سے رہتا ہے، ان دستاویزات پر کسی کے دستخط بھی نہیں ہیں ، کل عدالت کو بی وی آئی کا 16 جون کا خط موصول ہوا،جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ 23 جون کو جے آئی ٹی نے خط لکھا، جواب میں اٹارنی جنرل بی وی آئی نے خط لکھا۔

جسٹس اعجازافضل نے ریمارکس دیئے کہ کیا اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ ریفرنس نیب کو بھجوا دیا جائے جس پرسلمان اکرم راجہ نے کہا کہ میرا جواب ہے کہ کیس مزید تحقیقات کا ہے، خطوط کو بطور شواہد پیش کیا جا سکتا ہے لیکن تسلیم نہیں کیا جا سکتا جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ شواہد کو تسلیم کرنا یا نہ کرنا ٹرائل کورٹ کا کام ہے جب کہ جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ کل پوچھا تھا کیا قطری شواہد دینے کے لیے تیار ہے جس پرسلمان اکرم راجہ نے کہا کہ قطری کی جانب سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔

گزشتہ سماعت پر عدالت نے کہا تھا کہ قطری نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکارکیا، جس پرجسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ جسٹس عظمت سعید نے پوچھا تھا کہ کیا آج قطری پیش ہونے کو تیار ہیں،سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ قطری کو ویڈیو لنک کی پیشکش نہیں کی گئی، 2004 تک حسین اور حسن کو سرمایہ ان کے دادا دیتے رہے، اگر بیٹا اثاثے ثابت نہ کر سکے تو ذمہ داری والدین پر نہیں آ سکتی جس پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ عوامی عہدہ رکھنے والوں کی آمدن اثاثوں کے مطابق نہ ہو تو کیا ہوگا، پبلک آفس ہولڈر نے اسمبلی میں کہا کہ یہ ہیں وہ ذرائع جن سے فلیٹس خریدے، جس کے بعد وزیراعظم نے کچھ مشکوک دستاویزات اسپیکر کو دیں، ہم ایک سال سے ان دستاویزات کا انتظار کر رہے ہیں، یہاں معاملہ عوامی عہدہ رکھنے والے کا ہے، وہ اپنے عہدے کے باعث جواب دہ ہیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ عوامی عہدہ رکھنے والے نے قومی اسمبلی اور قوم سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ بچوں کے کاروبار کے تمام ثبوت موجود ہیں اور ہم ایک سال سے ان ثبوتوں کا انتظار کررہے ہیں، رپورٹ میں مریم کے بینیفیشل مالک ہونے کا کہا گیا ہے ،جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ مریم نواز کی کمپنیوں کا بینیفیشل مالک ہونا کیپٹن صفدر کے گوشواروں میں ظاہر نہیں ہوتا، اگر عدالت اس نتیجے پر پہنچی کہ گوشواروں میں ملکیت کاذکر نہیں تو عوامی نمائندگی ایکٹ لاگو ہو گا جس پر سلمان اکرم نے کہا کہ عوامی نمائندگی ایکٹ لاگوکرنے کے لیے باقاعدہ قانونی عمل درکار ہو گا، جے آئی ٹی کو ایرول جارج نے اپنے جواب میں 2012 جون کی صورتحال کی تصدیق کی اور ایرول جارج کے بیان میں کوئی نئی بات نہیں ،شریف خاندان کے وکیل کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وکیل طارق حسن نے اپنے دلائل میں کہا کہ انہوں نے عدالت میں دو جواب داخل کرائے ہیں جس پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ قانون کے دائرے میں رہ کر لہروں کے خلاف بھی تیرنا ہو تو تیر لیں گے۔

سماعت کے دوران طارق حسن کی جانب سے اسحاق ڈار کا 34 سالہ ریکارڈ سر بمہر پیش کیا گیا جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ یہ ڈبہ اب سارا دن ٹی وی کی زینت بنے گا جس پر طارق حسن نے کہا کہ سنا ہے جے آئی ٹی نے بھی ایسے ہی ڈبے پیش کیے جس پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ بھی شواہد کے ڈبے دے کر جے آئی ٹی کی پیروی کر رہے ہیں ،جسٹس اعجاز افضل نے اپنے ریمارکس دیئے کہ جے آئی ٹی نے اثاثوں میں اضافے کا کہا لیکن اسحاق ڈار اس کا جواب نہ دے سکے، اس سے ہو سکتا ہے اسحاق ڈار کے خلاف کارروائی شروع ہو جائے، حدیبیہ پیپر ملز کیس میں آپ شامل تھے، حدیبیہ پیپر ملز کیس کے خارج ہونے کو تسلیم کر لیں توبھی اسحاق ڈار کے خلاف کافی مواد ہے، جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ آج اسحاق ڈار کا ٹیکس ریکارڈ موجود ہے جس پر اسحاق ڈار کے وکیل نے کہا کہ جے آئی ٹی نے مکمل بد نیتی ظاہر کی، تین ذرائع سے یہ ریکارڈ جمع کیا جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ اثاثے پانچ سال میں 9 ملین سے بڑھ کر835 ملین ہوگئے، بتائیں کہ شیخ النیہان نے کن شرائط پر اسحاق ڈار سے معاہدہ کیا جس پرطارق حسن نے اپنے دلائل میں کہا کہ اسحاق ڈارصرف سیاستدان نہیں پروفیشنل اکاؤنٹنٹ بھی ہیں، اگر پاکستان میں دو لاکھ کماؤں اورباہرجا کرکمائی دس گنا بڑھ جائے تو کیا یہ غلط ہے ،جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ صرف دو لاکھ سالانہ کماتے ہیں تو پھر پیشہ چھوڑ دیں، جس پر طارق حسن نے کہا کہ سیاست میں آنے کے بعد کئی بار اسحاق ڈار کے اکاؤنٹس کی پڑتال کی گئی، آج تک اسحاق دار کے خلاف کچھ نہیں نکلا۔

ریکارڈ کے بغیر جے آئی ٹی کیسے اسحاق ڈار کے خلاف کسی نتیجے پر پہنچ سکتی ہے۔ جس پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ اگر یہ ڈرامائی کہانی ہے تو کیا آپ چاہتے ہیں کہ کہانی ڈرامے کی طرح ختم ہو، جو تحریری جواب آپ نے دیا ہے یقین رکھیں اس کا جائزہ لیا جائے گا، تحریری جواب سے ہٹ کر دلائل ہیں تو دیں ہم سنیں گے ،طارق حسن ایڈوکیٹ نے کہا کہ ان کا موکل جے آئی ٹی میں بطور گواہ گیا تھا لیکن یہاں لگتا ہے وہ ملزم ہے جس پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ جے آئی ٹی نے جو کیا وہ اسحاق ڈار کے اعترافی بیان کے باعث کیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ جے آئی ٹی نے نیب اور ایف آئی اے سے ملنے والی دستاویزات کا جائزہ لینا تھا، اسحاق ڈار کا بیٹا بیرون ملک کمپنی سے باپ کو پیسے بھیجتا رہا، اسحاق ڈار کا اپنے بیٹے سے پیسے لینا ٹیکس بچانے کے لیے تھا۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ ماضی کی طرح شریف خاندان کے خلاف دوبارہ گواہ بننا چاہتے ہیں جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ اسحاق ڈار کے اثاثوں میں 800 ملین کا اضافہ ہوا، اسحاق ڈار نے بیٹے کو کمپنی ہل میٹل کے فنڈز دئیے، بیٹے نے وہی رقم باپ کو تحفے میں بھیج دی، جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ مسٹر طارق حسن کم از کم آپ تو اپنے موکل سے انصاف کر لیں اور ہمیں بھی اسحاق ڈارسے انصاف کرنے دیں ،جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ ہم یہ کہہ دیں کہ آپ کے دلائل سن کر اطمینان ہوا، دونوں فریقین سن لیں اس کیس میں ہم قانون سے باہر نہیں جائیں گے، سب کے بنیادی حقوق کا احساس ہے۔

جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ فریقین ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے رہتے ہیں، ہمیں کچھ نہ کہیں، کیس ختم ہو جائے گا، آپ چلے جائیں گے مگر ہمارا کام جاری رہے گا، بہت زیادہ تفصیل دینا بھی کیس کو برباد کر دیتا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ جس چیز کی آئین اور قانون نے اجازت نہیں دی وہ نہیں کریں گے، انصاف کے تقاضے پورے کرنا تھے اسی لیے کیس کو روزانہ سنا ،اسحاق ڈار کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے روسٹرم پر آکر کہا کہ وفاق کا موقف ہے کہ عدالت نے 5 ماہ کیس سنا، ہر فریق کو مناسب موقع دیا گیا، تحقیقات میں نیا ریکارڈ بھی سامنے آیا، مجھے یقین ہے کہ عدالت فریقین کے حقوق کا خیال رکھے گی، جے آئی ٹی کی فائنڈنگز عدالت پر لازم نہیں ہیں ۔

نیب کے وکیل چوہدری اکبر تارڑ نے اپنے دلائل میں کہا کہ نیب نے حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کریں گے جس پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے سوچ لیا تو یہ سوچ تحریری شکل میں کب آئے گی جس پر چوہدری اکبر تارڑ نے دلائل مکمل کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کریں گے ، نیب پراسکیوٹر کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے اپنے جواب الجواب میں کہا کہ تمام دلائل سننے کے بعد ثابت ہوگیا کہ وزیراعظم صادق اورامین نہیں ہیں ، وزیراعظم نے ایف زیڈ ای کمپنی اور اس سے تنخواہ کی وصولی ظاہر نہیں کی جس پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ ان کا کہناہے کہ وزیر اعظم نے تنخواہ نہیں لی جس پر جسٹس عظمت سعید نے اپنے ریمارکس دیئے کہ تنخواہ لینے اور نہ لینے کے اثرات علیحدہ علیحدہ ہوں گے ،جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ یہ حقیقت ہے کہ اگر اثاثے ظاہر نہ کیے گئے تو بددیانتی کہلائے گی، سوال یہ ہے کہ یہ ہمارا دائرہ اختیار ہو گا یا الیکشن کمیشن کا ہوگا۔

نعیم بخاری نے کہا کہ تقریر میں وزیر اعظم نے گلف اسٹیل مل 33 ملین درہم کی فروخت کرنے کا کہا جس پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ بی سی سی آئی رقم شامل کرنے پر 33 ملین کی ہی بنتی ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ بقایا جات ادائیگی کے بعد سرمایہ کاری کے لیے کچھ نہیں بچا جس پر نعیم بخاری نے کہا کہ شہباز شریف نے 1980 کے سیل معاہدے کو تسلیم نہیں کیا، سعودی عزیزیہ مل 63 ملین میں فروخت کرنے کا کہا گیا، اس حوالے سے بھی 20 ملین کم ہیں، وزیراعظم نے سعودیہ مل کی فروخت سے لندن فلیٹس خریداری کا کہا، حسن نے 2001 میں کاروبار شروع کیا جبکہ عزیزیہ 2005 میں فروخت ہوئی، وزیراعظم کو ہل میٹل اور حسین نواز سے تحائف آ رہے ہیں، 1980 میں شہبازشریف نے خود کو کاروبار سے الگ کیا، طارق شفیع شہباز شریف کے نمائندے بنے رہے، جدہ مل کی 20 ملین رقم واجب الادا تھی، گلف اسٹیل مل کی فروخت کے بارے بھی غلط بیانی کی گئی جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ کیا کسی پبلک آفس ہولڈر کے ملازمت کرنے پر پابندی ہے جس پر نعیم بخاری نے کہا جی بالکل ہے، پبلک آفس ہولڈر کی ملازمت مفادات کا ٹکرائوہے اس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ امریکا سے بھی وزیر اعظم کو شیخ سعید نامی شخص سے 10 ملین ملے، جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ آئین میں پابندی ججز کی دوسری ملازمت کے لیے ہے ،کسی دوسرے آفس ہولڈر کے لیے نہیں ہے ، جسٹس اعجاز افضل نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا وزیراعظم کی کسی دوسری ملازمت پر پابندی ہے جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ آئین میں وزیر اعظم کی کسی دوسری ملازمت بارے کچھ نہیں ہے ،جسٹس اعجاز افضل نے استفسار کیا کہ سوال یہ ہے جو چیزیں درخواست میں نہیں کیا ہمیں ان پر جانا چاہیے، جس پر نعیم بخاری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو تمام معاملات کی جانچ کا کہا ہے۔

جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ نئی چیزیں کیس میں شامل کر کے فریقین کو سرپرائز دیا جا سکتا ہے، یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ بار ثبوت شریف خاندان پر ہے۔ نعیم بخاری نے کہا کہ فیملی سیٹلمنٹ کے وقت93 سے زیر استعمال فلیٹس زیر بحث نہیں آئے، قطری خطوط نکال دیں تو 1993-96 سے لندن فلیٹس نواز شریف کی ملکیت بنتے ہیں ،جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ قطری اسپریڈ شیٹ تو نہ ادھر کی ہے نہ ادھر کی جس پر نعیم بخاری نے کہا کہ بہترین وضاحت یہ ہوتی کہ فلیٹ میاں شریف نے خریدے اس پر جسٹس اعجاز افضل نے استفسار کیا کہ اگر ہم مان لیں کہ فلیٹس کی مالک مریم ہیں اور مریم نواز شریف کی زیر کفالت ہیں تو اثاثے ظاہر کرنے پر ہی وزیر اعظم کی نااہلی بارے فیصلہ دیا جا سکتا ہے، اگر زیر کفالت ثابت نہ ہو توصرف مریم کا فلیٹ کا مالک ہونا کافی نہیں ،جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ جے آئی ٹی بنی تو سب نے کہا کہ جے آئی ٹی کا کام آزادانہ ہو گا، جے آئی ٹی نے اپنی بساط سے بڑھ کر کام کیا، اگرہم نے ٹرائل سے متعلق فیصلہ دیا تو یہ فیئر ٹرائل ہو گا جب کہ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ جے آئی ٹی نے جن حالات میں کام کیا قابل تحسین ہے ،جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ مریم نواز کو بینیفشل مالک تسلیم کر بھی لیں تو زیر کفالت کا معاملہ آئے گا، درخواست میں آپ نے مریم نواز کے زیر کفالت ہونے کا کہا تھا، درخواست میں آپ نے مریم نواز کے زیر کفالت ہونے کا کہا تھا، مریم نواز کے زیر کفالت ہونے کے واضع شواہد نہیں ملے جس پر نعیم بخاری نے دلائل مکمل کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں وزیر اعظم عہدے پر رہنے کے قابل نہیں رہے ، نعیم بخاری کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے جوابی دلائل میں کہا کہ عظیم ججز کے سامنے پیش ہواہوں، جے آئی ٹی کے سپر سکس نے ثابت کر دیا کہ پاکستان رہنے کے قابل ملک ہے، قوموں کی تقدیر بدلنے کے لیے ایسے ہی افراد کا انتخاب کیا جاتا ہے، عدالت نے قطری کی سرمایہ کاری کا پوچھا لیکن جواب نہ آیا، شریف خاندان نے 13 سوالوں کے جواب بھی نہ دیئے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر مٹھائیاں بانٹی گئیں، لگتا ہے میری طرح ان کی انگریزی بھی کمزور ہے، جے آئی ٹی والوں کو وزیر اعظم نے کل اپنی تقریر میں دھمکایا ہے، وزیراعظم نے کل جے آئی ٹی کے بارے میں الفاظ استعمال کر کے عدالت کی توہین کی،شیخ رشید نے اپنے جواب میں کہا کہ سربراہان مملکت کے صادق اور امین ہونے کا تصور آفاقی ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ لاہور میں صادق اور اسلام آباد میں کرپٹ ہوں، جس کی طرف دیکھو بے نامی دار ہیں، شریف فیملی پاناما سے اقامہ تک پہنچ گئی، وزیراعظم نے تو دبئی والوں کو بھی چونا لگایا، اکامہ لیتے وقت دبئی والوں کو نہیں بتایا کہ میں پاکستان کا وزیراعظم ہوں، آج ڈبہ لے آئے ہیں میں تو ایسے ڈبے میں چندہ ڈالتا ہوں، منی ٹریل مانگ مانگ کرعدالت تھک گئی، یہاں تک کہا گیا لاؤ منی ٹریل، کلین چٹ دے دیں، اگر ان کو اکامے پسند ہیں تو وہاں چلے جائیں، ہماری جان چھوڑدیں، وزیراعظم دوبئی میں مارکیٹنگ مینیجر ہیں، لگتا ہے قطری کو بھی خط ڈالنے کی عادت ہو گئی ہے، میرا کیس 62,63 کا ہے ،شیخ رشید نے اپنے دلائل میں مزید کہنا تھا کہ قطری خط نکال دیں تو شریف خاندان کے پاس صفائی کے لیے بچتا ہی کچھ نہیں ہے، شیخ رشید نے دوران سماعت مز ید کہا کہ میں نمازوں میں دعا مانگتا ہوں یا اللہ شیخ عظمت سعید بیمار نہ ہو جائیں، نواز شریف نے اپنے بچوں کے بیانات تسلیم کر کے اچھی بات کی ہم کوئی بھکاری ملک نہیں ہیں ،نواز شریف پر منی لا نڈرنگ، کسٹم ایکٹ، فارن ایکسچینج ایکٹ اور امپورٹ ایکسپورٹ کنٹرول ایکٹ لگایا جائے جس پر جسٹس عظمت نے استفسار کیا کہ شیخ رشید صاحب آپ کہیں موٹر وہیکل ایکٹ نہ لگا دیں ، جبکہ شیخ رشید کے دلائل مکمل ہونے بعد جماعت اسلامی کے وکیل توفیق آصف نے جواب میں کہا کہ جے آئی ٹی کی سفارشات کے بعد تمام شکوک و شبہات دورہو چکے ہیں، دو ججز پہلے ہی نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ دے چکے ہیں، عدالت نے 20اپریل کے اپنے فیصلے میں نواز شریف کی نا اہلی کا جائزہ لینے کا حکم دیاتھا جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ یہ عدالت کا حکم تھا،نہ واپس لیا نہ لیں گے، ہم پہلے ہی نااہلی کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں ، 20 اپریل کے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے جبکہ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ گارنٹی دیتے ہیں نااہلی کا معاملہ زیرغورلائیں گے ، جماعت اسلامی کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد وزیراعظم کے وکیل نے روسٹرم پر آئے اور عدالت کو بتایا کہ اپنے مزید دلائل تحریری طور پر جمع کرا رہا ہوں جس پر عدالت نے کہا کہ ہم نے جو سننا تھا سن لیا جو دیکھنا تھا دیکھ لیا ،عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا کہ کیس کے فیصلے کی تاریخ بعد میں دیں گے ۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 20 اپریل کو فیصلہ سناتے ہوئے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی اور وزیر اعظم کی مبینہ کرپشن سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ دس جولائی کو سپریم کورٹ میں پیش کی اور عدالت عظمی نے روزانہ کی بنیاد پر پانچ سماعتوں کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا اور قرار دیا کہ دستیاب مواد اور وکلاء کے دلائل کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد کیس کا فیصلہ سنایا جائیگا