سپریم کورٹ کا فیصلہ وزیراعظم کے حق میں نہیں آئے گا-پیپلزپارٹی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 21 جولائی 2017 17:22

سپریم کورٹ کا فیصلہ وزیراعظم کے حق میں نہیں آئے گا-پیپلزپارٹی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 جولائی۔2017ء) سپریم کورٹ کا فیصلہ وزیراعظم کے حق میں نہیں آئے گا، جھوٹے بیانات اور کاغذات کے معاملے پر نوازشریف جیل جاسکتے ہیں۔پیپلز پارٹی کے راہنماءاور سابق وفاقی وزیر قمرزمان کائرہ نے صحافیوںسے بات کرتے ہوئے کہا کہ دھمکیاں دے رہے ہیں، عدالت نے بھی سوچا انہیں کیا کہیں، جو دھمکیاں کل دی گئیں وہ حکمران وقت کو نہیں کہنا چاہیے، لگتا ہے حکمرانوں کو اپنی تقدیر کے فیصلے کا پتہ لگ چکا ہے۔

قمرزمان کائرہ نے کہا کہ شیخ رشید نے درست کہا عدالت جے آئی ٹی کی حفاظت کیلئے کچھ کرے، ایل ڈی اے پلازہ کو آگ لگی ریکارڈ جل گیا، کسی کو نہیں پوچھا گیا، الزام لگتا ہے ثبوت مانگتے ہیں آگ لگتی ہے اور ریکارڈ جل جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کل ججز نے شریف خاندان کو بتا دیا کہ آپ پر الزامات کیا ہیں، پاناما کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد تاریخ نے اعلیٰ عدلیہ کے کندھوں پر بہت بڑی ذمہ داری ڈال دی ہے، پہلے بھی عدالتوں کے پاس کئی مواقع آئے لیکن وہ اس طرح استعمال نہیں ہوپائے بلکہ بعض اوقات تو یہ مواقع غلط استعمال ہوئے۔

سابق وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا کہ ساری جماعتیں پیچھے رہ جائینگی۔صرف ایک جماعت آگے جائے گی وہ پیپلز پارٹی ہے، تجسس تھا کہ والیم ٹین میں کیا ہے وہی دیکھنے آیا ہوں۔ پیپلزپارٹی کے راہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ پاناما کیس میں وزیراعظم اوران کے وزیرنااہل ہونگے ، نوازشریف شہنشاہ بنتے جارہے تھے اور من مانیاں چل رہی تھیں، الیکشن کمیشن میں نوازشریف کیخلاف ہم نے درخواست دی۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کی حفاظت ہم نے کی اور آئندہ بھی کریں گے، جو دھمکیاں دے رہے ہیں، سن لیں عوام سپریم کورٹ کی ضامن ہے، شریف خاندان کو بار بار کہا گیا منی ٹریل بتا دیں، شریف خاندان کو وضاحت دینے کیلئے کئی مرتبہ موقع دیا گیا، سسلین مافیا اور گاڈ فادر سے پاکستان کے عوام کو چھٹکارا ملے گا۔

متعلقہ عنوان :