چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن کو فرانس کی نیشنل آرڈر آف میرٹ کے ’’گریڈ ڈی آفیسر‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا

فرینچ نیشنل آرڈر آف میرٹ ایوارڈ کا حصول میرے لئے اعزاز کی بات ہے ،وزیر اعظم نواز شریف کی شکریہ گزار ہوں جنہوں نے انہیں بی آئی ایس پی کی سربراہ بنے کا موقع فراہم کیا، ماروی میمن

جمعہ 21 جولائی 2017 17:42

چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن کو فرانس کی نیشنل آرڈر آف میرٹ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2017ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ایم این اے ماروی میمن کو فرانس کے صدر ایمونل میکرون کی جانب سے نیشنل آرڈر آف میرٹ کے ’’گریڈ ڈی آفیسر‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فرانس کے سفیر مارٹین ڈورینس نے جمعہ کو اسلام آباد میں فرانسیسی سفارتخانہ میں منعقدہ تقریب میں یہ ایوارڈ چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن کو پیش کیا۔

اس ایوارڈکو 1962ء میں جنرل ڈی گال نے فرانس جمہوریہ کی جانب سے ایک عظیم اعزاز کے طور پر متعارف کرایا جو کسی بھی غیر معمولی انفرادی شخصیت کی قدر شناسی کیلئے دیا جاتا ہے۔ اس ایوارڈ سے نہ صرف فرانسیسی شخصیات کو بلکہ ذہانت اور سخاوت کے حامل غیرملکی افراد کو عوامی سطح پر سراہے جانے کیلئے بھی اس ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل آرڈر آف میرٹ 187,000ممبران پر مشتمل ہے جس میں خواتین ممبران کی تعداد 50 فیصد ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے کہا کہ فرانسیسی صدر کی جانب سے میرے کام کو سراہا جانا اوراس فرینچ نیشنل آرڈر آف میرٹ ایوارڈ کا حصول میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں بی آئی ایس پی کی سربراہ بنے کا موقع فراہم کیا اور انہیں اس قابل کیا کہ وہ پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی زندگیوں میں اپنا کردار اداکرسکیں، لہذا وہ اس قابل ہوئیں کہ یہ پُروقار بین الاقوامی ایوارڈ حاصل کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف کامیابیوں اور اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے وزیر اعظم کا اعتماد اور حمایت ہمیشہ ان کے ساتھ تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) کی سربراہ ہونے پر فخر ہے جو پاکستان اور جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑاسماجی تحفظ کا نیٹ ورک ہے۔ بی آئی ایس پی محض ایک سماجی تحفظ کا پروگرام ہی نہیں بلکہ یہ پاکستانی خواتین کی بہتری کیلئے ایک بہت بڑی سرمایہ کاری ہے۔

خواتین ایک معاشرے کی حقیقی معمار ہوتی ہیں، بی آئی ایس پی کے ذریعے خواتین کی معاشی بااختیاری میںسرمایہ کاری غربت میں خاتمے اور ہمارے ملک کی اقتصادی ترقی کا ایک براہ راست راستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے بچپن کا ایک حصہ فرانس میں گزارا جہاں انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم حاصل کی، انہوں نے مزید کہا کہ ایک معاشرے کیلئے محمد علی جناح کے وژن اتحاد ، ایمان اور تنظیم اور فرانس کے قومی موٹوآزادی، مساوات اور اخوت کے مابین مطابقت پائی۔

اس موقع پرفرانسیسی سفیر نے ماروی میمن کو مبارکباد پیش کی اور فرانس کے صدر کی جانب سے فرانس اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کی حمایت کا اظہارکیا۔ ماروی میمن کو پاکستان کے عوام کیلئے خدمات اور فرانس اور پاکستان کے مابین تعلقات کے فروغ پر اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ماروی میمن وہ پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہیں آفیسر رینک کیساتھ نیشنل آرڈر آف میرٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

تقریب میں سینیٹر نثار میمن، وزراء لیفٹیننٹ جنرل عبدالقادر بلوچ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ، وزیرمملکت بلیغ الرحمان، وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑر، صدر آزاد کشمیر مسعود خان، یورپی یونین کے سفیر، برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو، اراکین پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے ارکان نے شرکت کی۔