ظفر حجازی کی گرفتاری اس مقدمہ میں آئندہ ہو نے والی گرفتاریوں کی پہلی کڑی ہے‘سراج الحق

پانامہ کے فیصلے کے بعد ملک میں کرپشن کے راستے ہمیشہ کے لیے بند ہو جائیںگے ، ملک کرپشن فری بن جائیگا شریف خاندان کے حساب کے بعد احتساب کا عمل اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک پانامہ میں شامل تمام افراد کا احتساب نہیں ہو جاتا‘میڈیا سے گفتگو

جمعہ 21 جولائی 2017 17:19

ظفر حجازی کی گرفتاری اس مقدمہ میں آئندہ ہو نے والی گرفتاریوں کی پہلی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ظفر حجازی کی گرفتاری اس مقدمہ میں آئندہ ہو نے والی گرفتاریوں کی پہلی کڑی ہے،کسی تعصب میں مبتلا نہیں ہیں، چاہتے ہیں کہ احتساب کا عمل اور جمہوریت دونوں ساتھ ساتھ چلتے رہیں، یقین ہے کہ اس فیصلے کے بعد ملک میں کرپشن کے راستے ہمیشہ کے لیے بند ہو جائیںگے،فیصلے کے بعد پانامہ سکینڈل میں ملوث باقی تمام افراد کو بھی بے نقاب کرنے کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ کے باہرنائب امیر میاں اسلم اور اسداللہ بھٹو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہمیں اپنی عدالت پر مکمل اعتماد ہے اور عدالت سے پاکستانی قوم کی بڑی امیدیں وابستہ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ظفر حجازی کی گرفتاری خوش آئند ہے اور اس مقدمہ میں آئندہ جو گرفتاریاں ہونی ہیں یہ اس کی پہلی کڑی ہے ۔

فیصلہ محفوظ ہو گیا ہے آج جمعہ کا دن تھا کہ سرکاری وکلاء غلط بیانی سے کام نہیں لیں گے لیکن انہوں نے اپنی وہی روایت قائم رکھی جو کئی ماہ سے قائم رکھے ہوئے ہیں ہم سیاسی تعصب میں مبتلا نہیں ہیں۔احتساب کی بات کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ احتساب اور جمہوریت دونوں چلتے رہیں۔پہلی دفعہ طاقتور لوگ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے ان کا خیال تھا کہ شاید جے آئی ٹی ان کے محل میں آئے گی یا وہ شاہی خیمہ لگا کر ان کو طلب کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اوران کاخاندان قطری شہزادے کو نہیں منا سکا، قطری شہزادے بٹیر اور تلور کے شکار کے لیے توپاکستان آتے ہیں مگر شریف خاندان کی سچائی ثابت کرنے کے لیے نہ آ سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ 62 اور 63 کی روشنی میں فیصلہ آئے۔حکمرانوں نے 62,63 کو آئین سے نکالنے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ صادق و امین رہنے کی اس شق کو ہی ختم کردیا جائے۔

وزیراعظم نے پانامہ سکینڈل کے بعد اپنی آمدن کے جو ذرائع پارلیمنٹ میں بتائے تھے اس میں دس ہزار ریال کا ذکر ہی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اس فیصلے کے بعد ملک میں کرپشن کے راستے ہمیشہ کے لیے بند ہو جائیںگے اور ملک کرپشن فری بن جائیگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم دیر بالا میں جلسہ کے دوران جذباتی ہو گئے ان کی تقریر سے ثابت ہوا کہ وہ پریشان ہیں وزیراعظم کے پاس صرف ایک ہی سچائی کا راستہ ہے ۔

جذباتی بیانات سے ان کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ ان کے فیصلے کے بعد پانامہ سکینڈل میں ملوث باقی تمام افراد کو بھی بے نقاب کرنے کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔عدالت عظمی سے کہتے ہیں کہ شریف خاندان کے حساب کے بعد احتساب کا عمل اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک پانامہ میں شامل تمام افراد کا احتساب نہیں ہو جاتا۔سراج الحق نے کہاکہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف دھمکیاں دینے کی بجائے عدالت میں ثبوت پیش کرتے۔

شاہی خاندان کوثبوت فراہم کرنے کیلئی3مواقع دئیے گئے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی جمہوریت سے وابستہ ہے۔پاکستان واحدملک ہے جہاں حکمران خود کواحتساب سے بالاسمجھتے ہیں،پاناماکیس کے فیصلے سے ملک کامستقبل وابستہ ہے۔ احتساب کے نعرے سن کر وزیر اعظم جذباتی ہوگئے ہیں اور ان کے خاندان کو پریشانی لاحق ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہم سب مطالبہ کر رہے تھے کہ وزیر اعظم مستعفی ہوجائیں مگر اب ان کے مستعفی ہونے کا وقت بھی گزر گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :