وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کا اجلاس ، پاناما کیس کے ممکنہ فیصلے پرمشاورت

اجلاس میں قانونی ماہرین نے وزیراعظم کوفیصلے سے متعلق خوشخبری سنادی ،خطرہ ٹل چکا، فیصلہ حق میں آئے گا، اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کا احترام کیا جائے گا،امید ہے فیصلے میں انصاف ہوگا۔وزیراعظم نوازشریف کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 21 جولائی 2017 16:15

وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کا اجلاس ، پاناما کیس کے ممکنہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21جولائی 2017ء ) : وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کااعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس ہوا، ، جس میں پاناما کیس کے ممکنہ فیصلے اور ملک کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، وفاقی وزراء ، قانونی مشیروں اور معاونین نے شرکت کی۔

اجلاس میں قانونی ماہرین نے وزیراعظم نوازشریف کوسپریم کورٹ کے ممکنہ فیصلے پربریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف پارٹی اجلاس کے بعد حکومتی اتحادیوں سے بھی عدالت کے ممکنہ فیصلے پرمشاورت کرینگے اور ن لیگ کی آئندہ کی حکمت عملی پراعتماد میں لیں گے۔وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار پنجاب ہاؤس میں موجود رہے لیکن وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے آج سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی رپورٹ پرپاناماکیس کی پانچویں سماعت ہوئی۔ جس کے ساتھ ہی عدالت نے کیس کافیصلہ محفوظ کرلیاہے۔ اجلاس سے قبل وزیراعظم نوازشریف نے حکومتی اتحادی محمود اچکزئی سے بھی ملاقات کی۔ جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور بلوچستان میں جاری ترقیاتی کاموں پرتبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعظم نے محمود اچکزئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کا احترام کیا جائے گا۔امید ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے میں انصاف ہوگا۔محمود اچکزئی نے یقین دلایاکہ ہمیں آپ پرپورااعتماد ہے۔حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔