کویتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی،ایران مخالف الزام پر شدید احتجاج

جمعہ 21 جولائی 2017 15:38

کویتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی،ایران مخالف الزام پر شدید احتجاج
تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2017ء) ایران نے کویت کے ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کر کے ایران مخالف الزام پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے اعلی حکام کی جانب سے کویت کے ناظم الامور کو طلب کیا گیا جس میں ایران مخالف الزام پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ایران کو بھی جوابی ردعمل میں سفارت کاروں کی تعداد کو کم کرنے کا حق حاصل ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران میں تعینات کویتی ناظم الامور فلاح الحجرف کو دفترخارجہ کے اعلی حکام نے طلب کیا اور اس موقع پر العبدلی نامی کیس کے حوالے سے ایران پر لگائے جانے والے الزامات کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کااس کیس سے کوئی تعلق نہیں اور اس کیس کے شروع سے ہی ایران نے کویتی حکام کو اپنے واضح موقف سے آگاہ کردیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دفترخارجہ کے حکام نے ایران کے خلاف کویتی حکام کے الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کویتی حکام خطے کی حساس صورتحال اور موجودہ کشیدگی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے بجائے اسلامی جمہوریہ ایران پر بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ خطے کی حساس صورتحال کے تناظر میں علاقائی ممالک بشمول کویت کے حوالے سے ذمہ دارانہ رویہ اپنایا ہے تاہم سفارتکاروں کی تعداد کم کرنے کے لئے ایران کو بھی جوابی ردعمل دینے کا حق حاصل ہے۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ کویتی ناظم الامور نے حالیہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جلد کویتی حکام کو اس معاملے سے آگاہ کریں گے۔واضح رہے کہ کویت نے ایران کو کہا تھا کہ وہ اپنے سفارتکاروں کی تعداد کم کرے نیز ایران اپنے ثقافتی کلچرل سینٹر کے دفاتربھی بند کرے۔

متعلقہ عنوان :