مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے امریکہ اور چین کی ثالثی قبول کرلینی چاہئے

بھارت کو یہ دیرینہ مسئلہ حل کرنے کیلئے اپنے اتحادیوں کو استعمال کرنا چاہئے کشمیر کامسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہئے ، سابق بھارتی وزیر فاروق عبداللہ

جمعہ 21 جولائی 2017 15:34

مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے امریکہ اور چین کی ثالثی قبول کرلینی چاہئے
نیودہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور سابق بھارتی وزیر فاروق عبد اللہ نے کشمیر کے مسئلے پر تیسرے فریق کی ثالثی کی حمایت کردی ہے۔

(جاری ہے)

فاروق عبد اللہ نے کہا ہے کہ نئی دہلی کو اسلام آباد کے ساتھ کشمیر کا تنازعہ طے کرنے کے لئے امریکہ اور چین کی ثالثی قبول کرلینی چاہئے تا کہ مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکے، فاروق عبداللہ کے مطابق دنیا بھر میں بھارت کے اتحادیوں کی تعداد کافی ہے جو کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے ثالثی میں مدد دے سکتے ہیں۔

فاروق عبد اللہ نے مزید کہا کہ بھارت کو اس دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لئے اپنے اتحادیوں کو استعمال کرنا چاہئے،امریکی صدر کہہ چکے ہیں کہ وہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں ۔یاد رہے کہ فاروق عبد اللہ مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں اب ان کی پارٹی نیشنل کانفرنس مقبوضہ کشمیر کی بڑی اپوزیشن پارٹی ہے ۔