نجی ائیر لائن کی ابوظہبی جانے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی

لاہور سے ٹیک آف کے بعد پرندہ ٹکرانے سے تفصیلی معائنے کے لیے جہاز کی واپس ہنگامی لینڈنگ طیارے کے پائلٹ نے جہاز کو کلیئرنگ ملتے ہی ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے پرواز کو ایک مرتبہ پھر ابوظہبی کے لیے ٹیک آف کیا

جمعہ 21 جولائی 2017 15:32

نجی ائیر لائن کی ابوظہبی جانے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2017ء) نجی ائیر لائن کی ابوظہبی جانے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی، لاہور سے ٹیک آف کے بعد پرندہ ٹکرانے سے تفصیلی معائنے کے لیے جہاز کی واپس ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی ۔لاہور ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق ائیربلیو کی لاہور سے ابوظہبی جانے والی پرواز 430 کی روانگی کے فوری بعد جہاز سے پرندہ ٹکرا گیا جس کا علم ہوتے ہی پائلٹ نے جہاز کو ہنگامی طور پر واپس لاہور لینڈ کرایا اور ماہرین کو طلب کر کے ائیر بلیو کے ائیر بس اے تھری ٹوئنٹی ون طیارے کا تفصیلی معائنہ کرایا۔

ماہرین کے مطابق جہاز سے پرندہ ٹکرانے کی نوعیت معمولی ہونے پر جہاز کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا لہٰذا جہاز اڑان کے قابل قرار دے دیا گیا۔ طیارے کے پائلٹ نے جہاز کو کلیئرنگ ملتے ہی ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے پرواز کو ایک مرتبہ پھر لاہور سے ابوظہبی کے لیے ٹیک آف کیا۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد ائیرپورٹ انتظامیہ نے رن وے اور اطراف سے پرندے ہٹانے کا کام مزید تیز کر دیا۔ پائلٹ کی جانب سے ابتدائی بیان میں بتایا گیا ہیکہ ائیربس اے تھری ٹوئنٹی ون طیارے سے پرندہ ٹکرانے کا واقعہ لاہور ائیرپورٹ کی حدود میں پیش آیا ہے تاہم انتظامیہ نے اس کی تصدیق نہیں کی البتہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے کر حقائق معلوم کرنا شروع کر دیئے ہیں۔